رضوان، سرفراز احمد اور روحیل نذیر کو ایک ساتھ نیوزی لینڈ بھیجے جانے کا امکان

محمد رضوان اور سرفراز احمد پاکستانی ٹیم اور روحیل نذیر پاکستان شاہینز کا حصہ ہوں گے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 6 نومبر 2020 17:10

رضوان، سرفراز احمد اور روحیل نذیر کو ایک ساتھ نیوزی لینڈ بھیجے جانے کا امکان
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 6 نومبر 2020ء ) قومی ٹیم مینجمنٹ نے دورہ نیوزی لینڈ کے لیے تین وکٹ کیپرز کے ایک ساتھ بھیجنے پر سوچ بچار شروع کردیا ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق محمد رضوان اور سابق کپتان سرفراز احمد پاکستانی ٹیم کا حصہ ہوں گے جب کہ انڈر 19 کپتان روحیل نذیر پاکستان شاہینز کے سکواڈ میں شامل کیے جائیں گے ۔ دونوں ٹیموں میں مجموعی طور پر 35 کھلاڑی شامل ہوں گے اور کسی بھی کھلاڑی کے زخمی ہونے کے صورت میں اس کے متبادل کو نیوزی لینڈ نہیں بلایا جاسکے گا ۔

ذرائع کے مطابق دورہ نیوزی لینڈ کے لیے پاکستان شاہینز اور قومی ٹیم کا اعلان 11 نومبر کو کئے جانے کا امکان ہے ، ہیڈ کوچ مصباح الحق نے ڈومیسٹک کرکٹ کے عہدیداروں سے قائد اعظم ٹرافی کے دوسرے راؤنڈ کے اختتام کے بعد انہیں کھلاڑیوں کی کارکردگی کی رپورٹ بھیجنے کو کہا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ کپتانی برقرار نہ رہ سکنے کی صورت میں بھی اظہرعلی کو بطور بلے باز ساتھ رکھنے پر اتفاق کیا جارہا ہے اور سابق کپتان سرفراز احمد بھی بطور متبادل وکٹ کیپر بلے باز ٹیم کا حصہ ہوں گے جب کہ پاکستان شاہین میں ڈومیسٹک کرکٹ کے ٹاپ پرفارمرز کو بھی ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔

پاکستان ٹیم اور پاکستان شاہین کا سکواڈ 35 کھلاڑیوں پر مشتمل ہونے کا امکان ہے جب کہ پاکستان ٹیم اور شاہین کے کھلاڑی ایک دوسرے کی ٹیموں کو دستیاب ہوں گے۔ یاد رہے کہ پاکستان نیوزی لینڈ کے خلاف 18 دسمبر سے 7 جنوری تک تین ٹی ٹونٹی اور دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلے گا۔ ستمبر میں نیوزی لینڈ کی حکومت نے پاکستان اور ویسٹ انڈیز کو دورے کے لیے گرین سگنل دے دیا تھا ۔
وقت اشاعت : 06/11/2020 - 17:10:14

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :