پیسوں کی ریل پیل دیکھ کرسری لنکا کا یوٹرن، برطانوی ٹیم کیلئے 14 روزہ قرنطینہ کی شرط ختم کردی

انگلینڈ سری لنکا پہنچنے کے صرف 11 دن کے اندر ٹیسٹ میچ بھی کھیلا جائے گا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 13 نومبر 2020 15:22

پیسوں کی ریل پیل دیکھ کرسری لنکا کا یوٹرن، برطانوی ٹیم کیلئے 14 روزہ قرنطینہ کی شرط ختم کردی
(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 13 نومبر 2020ء ) پیسوں کی چمک دمک نے سری لنکن حکومت کرکٹ بورڈ کو بھی ’یوٹرن‘ لینے پر مجبور کردیا، 14 دن کے قرنطینہ کی شرط کے لیے بنگلہ دیش کا دورہ منسوخ کرنے کے بعد سری لنکن حکومت اور کرکٹ بورڈ نے انگلینڈ کے لیے دو ہفتے کے قرنطینہ کی شرط ختم کردی ہے۔ سری لنکن کرکٹ بورڈ بنگلہ دیشی حکام کی ضد کے باوجود اپنی حکومت کو کووڈ پروٹوکول بدلنے پر راضی نہیں کرسکا تھا لیکن انگلینڈ کی ٹیم کے دورے کے لیے سب کچھ طے ہوگیا اور مہمان ٹیم کے لیے کرونا پروٹوکول کی شرط ختم کردی گئی ہے۔

حیران کن بات یہ ہے کہ انگلینڈ کے سری لنکا پہنچنے کے صرف 11 دن کے اندر ٹیسٹ میچ بھی کھیلا جائے گا،مہمان ٹیم کا قیام گال کرکٹ سٹیڈیم میں ہوگا جہاں بائیو سکیور ببل کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہے ، دونوں ٹیموں کے مابین 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے۔

(جاری ہے)

سری لنکن کرکٹ بورڈکےچیف ایگزیکٹو ایشلے ڈی سلوا کا کہنا ہے کہ برطانوی ٹیم 3 جنوری کو گال پہنچے گی اور دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 14 جنوری سے شروع ہوگا جب کہ دوسرا ٹیسٹ 23 جنوری سے کھیلا جائے گا۔ انگلینڈ سیریز سے قبل کوئی وار اپ میچ نہیں کھیلے گا تاہم 2 انٹراسکواڈ میچز کا انعقاد کیا جائے گا ۔ برطانوی ٹیم اپنے ملک میں 14 روزہ قرنطینہ مکمل کرنے کے بعد چارٹرڈ فلائٹ کے ذریعے سری لنکا روانہ ہوگی ۔
وقت اشاعت : 13/11/2020 - 15:22:37

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :