کرسٹیانورونالڈو کومشہوری کرکے بھی کیوں نہ کھلایا؟جنوبی کوریائی عدالت کا شائقین کو ہرجانہ دینے کا حکم

فٹبالر کی میچ میں کھیلنے کی امید لیکر آنیوالے شائقین کو جذباتی طور پر تکلیف کا سامنا کرنا پڑا ہے: عدالتی فیصلہ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 21 نومبر 2020 14:41

کرسٹیانورونالڈو کومشہوری کرکے بھی کیوں نہ کھلایا؟جنوبی کوریائی عدالت کا شائقین کو ہرجانہ دینے کا حکم
سیئول (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 21 نومبر 2020ء ) جنوبی کوریا کی مقامی عدالت نے معروف فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو کو نہ کھلانے پر ایونٹ کی انتظامیہ کو شائقین کو ہرجانے ادا کرنے کا حکم کردیا ہے ۔ جولائی 2019ء میں جنوبی کوریائی دارلحکومت سیئول میں اطالوی فٹ بال کلب یوونٹس اور جنوبی کورین فٹبال کلب کے درمیان نمائشی میچ کھیلا گیا جو 3-3 گولز سے برابر رہا۔

میچ کی انتظامیہ نے اس میچ میں کرسٹیانو رونالڈو کی شرکت کی بھی تشہیر کی تھی جس کے بعد میچ دیکھنے کے لیے 65000 شائقین گرائونڈ آئے تھے اور ٹکٹس مہنگے ہونے کے باوجود صرف 3 منٹ میں فروخت ہوگئے تھے، میچ کے ٹکٹس کی قیمت 30 ہزار کوریائی وان (تقریبا 4300 پاکستانی روپوں) سے لے کر 4 لاکھ کوریائی وان (تقریبا58 ہزار پاکستانی روپے) تک تھی۔

(جاری ہے)

کرسٹیانو رونالڈو بھی اطالوی فٹ بال کلب یوونٹس کی جانب سے گراؤنڈ میں موجود تھے تاہم مشہوری کے باوجود انہیں میچ نہیں کھلایا گیا جس پر مداحوں نے انتہائی غصے کا اظہار کیا اور 162 مداحوں نے انتظامیہ کے خلاف عدالت سے رجوع بھی کرلیا ۔

سیئول کی سینٹرل ڈسٹرکٹ کورٹ نے انتظامیہ کو میچ ٹکٹ کی آدھی رقم واپس کرنے کے ساتھ ساتھ 50 ہزار کوریائی وان (تقریباً 7200پاکستانی روپے) کا ہرجانہ دینے کا بھی حکم دیا ہے ۔ عدالت کا اپنے حکم میں کہنا تھا کہ جو لوگ کرسٹیانو رونالڈو کی میچ میں کھیلنے کی امید لیکر آئے تھے انہیں جذباتی طور پر تکلیف کا سامنا کرنا پڑا۔
وقت اشاعت : 21/11/2020 - 14:41:15

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :