جان سے مارنے کی دھمکیاں،آل راؤنڈر شکیب الحسن نے مسلح گارڈ رکھ لیا

سابق بنگلہ دیشی کپتان نے 12 نومبر کو انڈیا کے شہر کولکتہ میں ہندوؤں کی مذہبی تقریب میں شرکت کی تھی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 21 نومبر 2020 15:15

جان سے مارنے کی دھمکیاں،آل راؤنڈر شکیب الحسن نے مسلح گارڈ رکھ لیا
ڈھاکہ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 21 نومبر 2020ء ) بنگہ دیشی آل راؤنڈر شکیب الحسن نے جان سے مارنے کی دھمکی ملنے کے بعد باڈی گارڈ رکھ لیا ، شکیب الحسن کو ہندوستان میں ہندوؤں کی ایک تقریب میں شرکت کے بعد دھمکیاں مل رہی تھیں ۔ بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ سابق کپتان کو مسلح محافظ فراہم کردیا گیا ہے۔ 33 سالہ کرکٹر نے 12 نومبر کو کولکتہ میں ہندوؤں کی ایک مذہبی تقریب میں شرکت کی تھی جس کے بعد سوشل میڈیا پر ان کیخلاف مہم کا آغاز ہوا تھا ، پولیس نے سوشل میڈیا پر سابق کپتان کو ’مسلمانوں کے مذہبی جذبات مجروح کرنے کے الزام میں‘ دھمکیاں دینے والے شخص کو گرفتار کرلیا۔

ڈھاکہ میں گفتگو کرتے ہوئے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو نظام الدین چودھری کا کہنا تھا کہ شکیب الحسن کو ملنے والی دھمکیوں پر تشویش ہے جس کے لیے ہم نے اقدامات کرتے ہوئے پولیس کو بھی آگاہ کردیا ہے۔

(جاری ہے)

آئندہ ہفتے سے شیڈول مقامی ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کے لیے جاری ٹریننگ سیشن میں مسلح باڈی گارڈ کو آل رائونڈر کے ساتھ دیکھا گیا۔ یاد رہے کہ شکیب الحسن نے ہندوؤں کی تقریب میں شرکت کرنے پر معافی مانگ لی تھی۔ شکیب الحسن آئی سی سی کی ایک روزہ میچز کی رینکنگ میں ٹاپ آل راؤنڈر قرار پائے ہیں۔ وہ دنیا کے پہلے کرکٹر ہیں جنہیں 2015ء میں آئی سی سی کی رینکنگ میں تینوں فارمیٹس میں ٹاپ آل راؤنڈر بننے کا اعزاز حاصل ہوا۔
وقت اشاعت : 21/11/2020 - 15:15:56

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :