قائد اعظم ٹرافی فرسٹ الیون،خیبر پختوخواہ نے سنٹرل پنجاب کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی

پیر 23 نومبر 2020 20:33

قائد اعظم ٹرافی فرسٹ الیون،خیبر پختوخواہ نے سنٹرل پنجاب کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی
کراچی ۔23نومبر  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23نومبر2020ء) :قائد اعظم ٹرافی فرسٹ الیون میں کھیلے گئے میچ میں خیبر پختوخوا نے سنٹرل پنجاب کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی، سندھ اور سدرن پنجاب کا میچ کسی فیصلے کے بغیر ختم ہوگیاجبکہ بلوچستان اور ناردرن کی ٹیموں کے درمیان بھی کھیلا جانے والا میچ ڈرا ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلے جانے والے چار روزہ میچ کے آخری روز پیر کو خیبر پختونخواہ نے سنٹرل پنجاب کو  5 وکٹوں سے شکست دے دی ۔

میچ کے چوتھے اور آخری روز خیبر پختونخوا نے 171 کے ہدف تک پہنچنا تھا جو اس نے 5 وکٹوں پر حاصل کر لیا ۔ خیبر پختونخوا نے 108 رنز تین کھلاڑی آئوٹ پر کھیل کا آغاز کیا اور مزید دو وکٹیں کھونے کے بعد کامیابی حاصل کر لی ۔

(جاری ہے)

مہران ابراہیم اپنے گزشتہ روز کے اسکور میں کوئی اضافہ نہ کر سکے اور 13 رنز پر پویلین لوٹ گئے ۔ جبکہ گزشتہ روز کے دوسرے ناٹ آئوٹ بیٹسمین عادل امین نے نصف سنچری مکمل کی ۔

انہوں نے 53 رنز بنائے ۔ زوہیب خان 14 اور ریحان آفریدی 36 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے ۔ خیبر پختونخواہ نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 172 رنز بنائے ۔ احمد صفی عبداللہ نے تین جبکہ بلاول اقبال نے دو کھلاڑیوں کو آٹ کیا ۔ میچ میں سنٹرل پنجاب نے پہلی اننگز میں 158 اور دوسری اننگز میں 248 جبکہ  خیبر پختونخوا نے پہلی اننگز میں 236 رنز بنائے ۔ خیبر پختونخوا کے ساجد خان نے میچ 10 وکٹیں حاصل کیں ۔

اسی طرح نیشنل اسٹیدیم میں کھیل جانے والے دوسرے میچ میں سندھ اور سدرن پنجاب کی ٹیموں کے درمیان میچ ڈرا ہو گیا ۔ سندھ نے میچ کے چوتھے اور آخری روز 190 رنز 3 کھلاڑی آئوٹ پر دوسری اننگز کا آغاز کیا اور 6 کھلاڑیوں کے نقصان پر 253 رنز بنا کر اننگز ڈیکلئیر کر دی ۔ سعود شکیل 70 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے ۔ شرجیل خان گزشتہ روز 121 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئے تھے ۔

محمد عمران نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ۔ سدرن پنجاب کو میچ جیتنے کے لیے 342 رنز کا ہدف ملا ۔ سدرن پنجاب نے دوسری اننگز میں 62 اوورز کے کھیل میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 206 رنز بنائے ۔ اس طرح  میچ برابری پر ختم ہو گیا ۔ سدرن پنجاب کی جانب سے سیف بدر نے 70 ناٹ آئوٹ ، زین عباس نے 42 اور عمران رفیق نے 41 رنز بنائے ۔ میچ میں سندھ نے پہلی اننگز میں 383 جبکہ سدرن پنجاب نے 295 رنز اسکور کئے تھے ۔

این بی اسپورٹس کمپلیکس میں بلوچستان اور ناردرن کی ٹیموں کے درمیان بھی کھیلا جانے والا میچ ڈرا ہو گیا ۔ چوتھے اور آخری روز بلوچستان نے  اپنی دوسری اننگز 223 رنز 4 کھلاڑی آئوٹ پر کھیل کا آغاز کیا اور 5 وکٹوں پر 250 رنز بنا کر اننگز ڈیکلئیر کر دی ۔ عظیم گھمن گزشتہ روز 91 رنز پر آئوٹ ہو ئے تھے جبکہ چوتھے روز اکبرالرحمان 93 رنز پر پویلین لوٹ گئے ۔

ناردرن جس نے پہلی اننگز میں 275 رنز بنائے تھے، اس میچ کو جیتنے کے لیے 394 رنز کا ہدف ملا لیکن ناردرن کی ٹیم 84 اوورز کے کھیل میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 385 رنز بنا سکی ۔ عمر امین نے 123 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 17 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا ۔ محمد نواز نے 95 جبکہ حماد اعظم نے 53 رنز بنائے ۔ بلوچستان کے کاشف بھٹی نے 159 رنز کے  عوض 5 وکٹیں حاصل کیں ۔ بلوچستان نے پہلی اننگز میں 418 رنز بنائے تھے ۔

وقت اشاعت : 23/11/2020 - 20:33:33

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :