بطور کرکٹر منشیات کے استعمال سے ہمیشہ انکار کیا:شعیب اختر

بائولنگ کی رفتار 100کرنے کیلیے ڈرگز کا سہارا لینے کا مشورہ دیا جاتا لیکن میں نے کبھی کان نہ دھرے، نوجوان عمران خان کو مثال بنائیں جو باقاعدگی سے صبح واک کرتے ہیں:سابق پیسر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 24 نومبر 2020 11:33

بطور کرکٹر منشیات کے استعمال سے ہمیشہ انکار کیا:شعیب اختر
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 24 نومبر 2020ء ) دنیا کے تیز ترین فاسٹ بائولر شعیب اختر کا کہنا تھا کہ انہیں کیریئر میں منشیات کے استعمال کے مشورے ملتے تھے لیکن انہوں نے ہمیشہ اس گھنائونے کام سے انکار کیا ۔ اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کی سالانہ منشیات جلاؤ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شعیب اختر کا کہنا تھا کہ مجھے اپنی گیند بازی بہتر بنانے کے لیے منشیات کے استعمال کے مشورے ملتے تھے لیکن میں کبھی ٹریک سے نہیں اترا۔

شعیب اختر کا کہنا تھا کہ جب انہوں نے کرکٹ کھیلنا شروع کی تو انہیں کہاگیا کہ اگر وہ 100 میل فی گھنٹا کی رفتار سے بائولنگ کرنا چاہتے ہیں تو اس کے لیے انہیں منشیات کا استعمال کرنا ہوگا تاہم میں نے ہمیشہ اس سے انکار کیا ۔ دنیا کے تیز ترین فاسٹ بائولر نے محمد آصف کا نام لیے بغیر کہا کہ منشیات کے استعمال کی وجہ سے ہی ایک ورلڈ کلاس پاکستان کرکٹر کا کیریئر ختم ہوگیا، نوجوان فاسٹ بائولر محمد عامر کو 2010ء کے دورہ انگلینڈ سے پہلے ہی خبردار کردیا تھا لیکن پھر بھی وہ فکسرز کے جال میں آگئے۔

(جاری ہے)

کسی بھی سپورٹس پرسن کے لیے صحت مندانہ سرگرمیوں کی اہمیت بیان کرتے ہوئے شعیب اختر کا کہنا تھا کہ نوجوان وزیراعظم عمران خان سے سبق سیکھیں جو روزانہ صبح سویرے چہل قدمی کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ نومبر 2006ء میں منشیات کا استعمال ثابت ہونے پر پی سی بی کی جانب سے شعیب اختر پر 2 سال اور اس وقت کے ابھرتے ہوئے ورلڈ کلاس فاسٹ بائولر محمد آصف پر ایک سال کی پابندی عائد کردی گئی تھی۔
وقت اشاعت : 24/11/2020 - 11:33:54

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :