اوپنرفخر زمان کےکوویڈ 19 ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آگئی،لاہور سےمردان روانہ

اوپنر بخار میں مبتلا ہونے کی وجہ سے دورہ نیوزی لینڈ سے باہر ہوئے ،ٹریول گائیڈ لائنز کے مطابق سفر کرنے کے اہل نہیں تھے:پی سی بی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 24 نومبر 2020 12:51

اوپنرفخر زمان کےکوویڈ 19 ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آگئی،لاہور سےمردان روانہ
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 24 نومبر 2020ء ) دورہ نیوزی لینڈ سے باہر ہونے والے قومی ٹیم کے اوپنر فخر زمان کا کرونا ٹیسٹ منفی آگیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق اتوار کے روز فخر زمان کو بخار کی علامات ظاہر ہوئیں، ٹیم ڈاکٹر کی جانب سے متعدد مرتبہ چیک اپ کے باوجود فخر زمان کے بخار میں کمی نہیں آئی جس کے بعد ٹیم منیجمنٹ نے یہ فیصلہ کہ سکواڈ میں شامل دیگر کھلاڑیوں اور سپورٹ سٹاف کی صحت اور حفاظت کے پیش نظر فخر زمان قومی سکواڈ کے ہمراہ 23 نومبر کی صبح نیوزی لینڈ روانہ نہیں ہوں گے۔

پی سی بی حکام نے بتایا کہ بخار کی علامت ظاہر ہونے کے بعد فخر زمان کو مکمل طور پر آئسولیٹ کردیا گیا تھا اور اب اوپنر کے کوویڈ 19 ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آگئی جس کے بعد وہ لاہور سے اپنے آبائی علاقے مردان روانہ ہوگئے ہیں کیوں کہ ٹریول گائیڈ لائنز کے مطابق وہ نیوزی لینڈ کا سفر کرنے کے اہل نہیں تھے۔

(جاری ہے)

ٹیم مینجمنٹ نے فخر زمان کا متبادل نہ لینے کا فیصلہ کیا تھا۔

دورہ نیوزی لینڈ کے لیے اعلان کردہ قومی سکواڈ میں شامل ٹیم ڈاکٹر اور پی سی بی میڈیکل پینل کے سربراہ ڈاکٹر سہیل سلیم کا کہنا تھا کہ 21 نومبر کو سکواڈ کے دیگر اراکین کے ہمراہ فخر زمان کے لیے گئے کورنا ٹیسٹ کی رپورٹ بھی منفی آئی تھی تاہم 22 نومبر کو ان میں تیز بخار کی علامت ظاہر ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ فخر زمان میں بخار کی علامت ظاہر ہوتے ہی انہیں فوری طور پر دیگر سکواڈ سے آئسولیٹ کردیا گیا تھا، فخرزمان سے مسلسل رابطے میں ہیں مگر ہم سکواڈ میں شامل دیگر اراکین کی صحت اور حفاظت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرسکتے۔ قومی سکواڈ نیوزی لینڈ پہنچ کر 14 روز قرنطینہ میں چلا گیا ہے۔
وقت اشاعت : 24/11/2020 - 12:51:15

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :