فیفا، کرپشن کے الزامات پر افریقن فٹ بال فیڈریشن کے صدر پر 5 سال کی پابندی کر دی گئی

60 سالہ احمد احمد نے چند روز قبل ہی کورونا سے صحت یاب ہو کر اپنی ذمہ داریاں سنبھالی تھیں، رپورٹ

منگل 24 نومبر 2020 16:01

فیفا، کرپشن کے الزامات پر افریقن فٹ بال فیڈریشن کے صدر پر 5 سال کی پابندی کر دی گئی
زیورخ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 نومبر2020ء) فٹ بال کی عالمی تنظیم (فیفا) نے مالی بے ضابطگیوں میں ملوث کنفیڈریشن آف افریقن فٹبال کے سربراہ احمد احمد پر 5 سال کی پابندی عائد کردی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق مڈغاسکر سے تعلق رکھنے والے احمد احمد نے مارچ 2017 میں کنفیڈریشن کی سربراہی سنبھالی تھی جبکہ فیفا کی جانب سے کرپشن پر پابندی کے بعد 2021 میں ان کا دوبارہ انتخاب خطرے میں پڑ گیا ہے۔

فیفا نے اپنے بیان میں کہا کہ احمد احمد نے اپنے فرائض کی دیانت داری سے انجام دہی کی خلاف ورزی کی، تحائف اور دیگر سہولتیں حاصل کیں، فنڈز کا غلط استعمال کیا اور کنفیڈریشن کے سربراہ کے طور پر اپنے اختیارات کا غلط استعمال کیا۔بیان میں کہا گیا کہ احمد پر 2 لاکھ 20 ہزار ڈالر جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے جو عمرے کی ادائیگی کیلئے ادارے کا پیسہ خرچ کرنے اور کھیلوں کی مصنوعات کی کمپنی سے روابط کی بنیاد پر عائد کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

افریقن فٹ بال کے سربراہ اس فیصلے کے خلاف کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت میں اپیل کرسکتے ہیں۔رپورٹ کے مطابق 60 سالہ احمد احمد نے چند روز قبل ہی کورونا سے صحت یاب ہو کر اپنی ذمہ داریاں سنبھالی تھیں۔احمد کو افریقن کنفیڈریشن کا سربراہ منتخب ہونے کے بعد فیفا کا نائب صدر بھی بنایا گیا تھا۔انہوں نے فیفا کی جانب سے عائد کیے گئے الزامات کو مسترد کردیا۔احمد پر پابندی کے اعلان پر افریقن کنفیڈریشن نے اپنے بیان میں کہا کہ کونسٹینٹ اوماری قائم مقام سربراہ کے طور پر فرائض انجام دیں گے جس میں غیر معینہ مدت تک توسیع کی جاسکے گی۔بیان میں کہا گیا کہ یہ فیصلہ فیفا کی جانب سے احمد کے خلاف سنائے گئے فیصلے کے بعد کیا گیا ہے جس کے تحت اب وہ ذمہ داریاں نہیں نبھا سکتے۔
وقت اشاعت : 24/11/2020 - 16:01:47

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :