وہ وقت جب شاہد آفریدی آئرلینڈ کے لیے کھیلے

سابق کپتان نے 2006ء میں چیلٹن ہیم اینڈ گلوسٹر ٹرافی میں غیرملکی کھلاڑی کی حیثیت سے آئرلینڈ کی نمائندگی کی،6 میچز کھیل کر128 رنز بنائے ، 7 وکٹیں بھی حاصل کیں

منگل 24 نومبر 2020 16:21

وہ وقت جب شاہد آفریدی آئرلینڈ کے لیے کھیلے
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 24 نومبر 2020ء ) پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی جو ساری دنیا میں فرنچائز کرکٹ میں ہمیشہ سے جانے مانے کھلاڑی رہے ہیں، ایک بار 2006ء میں آئرلینڈ کی کرکٹ ٹیم کے لئے کھیلے تھے۔ اس وقت 26 سالہ شاہد آفریدی نے قومی ٹیم کے سابق آف سپنر ثقلین مشتاق کے ساتھ چیلٹن ہیم اینڈ گلوسٹر (سی اینڈ جی) ٹرافی میں بیرون ملک مقیم کھلاڑی کی حیثیت سے کھیلا۔

انہوں نے چھ میچز کھیل کر 25.60 کی اوسط سے 128 رنز بنائے جس میں ایک نصف سنچری بھی شامل تھی جب کہ 21.14 کی اوسط سے سات وکٹیں لیں۔ وہ آل راؤنڈر عبد الرزاق کی جگہ آئرلینڈ کی جانب سے چیلٹن ہیم اینڈ گلوسٹر (سی اینڈ جی) ٹرافی کھیلے تھے۔ یاد رہے کہ شاہد خان آفریدی یکم مارچ 1980 ء کو خیبرایجنسی میں پیدا ہوئے، جارحانہ بیٹنگ کی وجہ سے دنیا بھرمیں بوم بوم کے نام سے مشہور آفریدی نے کرکٹ کی دنیا میں قدم 1996 ء میں رکھا اور چھاگئے۔

(جاری ہے)

آفریدی نے 27 ٹیسٹ میں 5 سنچریوں اور8 نصف سنچریوں کی مدد سے 1716 رنز بنائے جب کہ ان کا بہترین سکور156 رنزرہا۔ شاہد آفریدی سری لنکا کے خلاف 1996ء میں 37 گیندوں پر تیز ترین سنچری کا ریکارڈ بنا کردنیا بھرمیں مشہور ہوگئے۔ان کا ریکارڈ پہلے 2014ء میں نیوزی لینڈ کے کورے اینڈرسن اور پھر 2015ء میں جنوبی افریقا کے اے بی ڈی ویلیئرز نے توڑ کر اپنے نام کرلیا۔ 398 ون ڈے میچز میں شاہد آفریدی نے 8064 رنزسکور کئے جس میں 6 سنچریاں اور39 نصف سنچریاں شامل ہیں جب کہ 99 ٹی ٹونٹی میچوں میں آفریدی نے 1415 رنز 4 نصف سنچریوں کی مدد سے بنائے۔ شاہد خان آفریدی کو ٹی 20 میں دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ 98 وکٹیں لینے کا اعزاز بھی حاصل ہے ۔
وقت اشاعت : 24/11/2020 - 16:21:01

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :