ٹیم مینجمنٹ کو شاہین آفریدی پر بائولنگ کا بوجھ کم کرنا ہوگا:محمد عامر

بابراعظم کی تکنیک ویرات کوہلی سے بہتر ،پیسے کیلیے ٹیسٹ کرکٹ نہیں چھوڑی، شاہین پرکام کا بوجھ کم رکھا جائے: فاسٹ بائولر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 25 نومبر 2020 17:54

ٹیم مینجمنٹ کو شاہین آفریدی پر بائولنگ کا بوجھ کم کرنا ہوگا:محمد عامر
لاہور  (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 25 نومبر 2020ء ) قومی ٹیم کے فاسٹ بائولر محمد عامر کا کہنا ہے کہ ٹیم مینجمنٹ کو شاہین آفریدی پر بائولنگ کا بوجھ کم کرنا ہوگا،تکنیکی طور پر پاکستانی قائد بابراعظم بھارتی کپتان ویرات کوہلی سے بہترہیں۔ ایک انٹرویو میں محمد عامر کا کہنا تھا کہ 5 سال کے بریک کے بعد ان کے لیے ٹیسٹ کرکٹ جاری رکھنا بہت مشکل تھا، اگر وہ ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر نہ ہوتے تو انجریز کے باعث ان کا کیریئر ہی ختم ہوسکتا تھا، ان پر لیگز میں پیسہ کمانے کے لیے ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنے کے الزامات بے بنیاد ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں محمد عامر کا کہنا تھا کہ پاکستانی قائد بابراعظم کی تکنیک بھارتی کپتان ویرات کوہلی کی نسبت زیادہ اچھی ہے، نیٹ پر بائولنگ کرتےہوئے سمجھ ہی نہیں آتا کہ انہیں کیسے آئوٹ کیا جائے۔

(جاری ہے)

محمد عامر کا مزید کہنا تھا کہ شاہین شاہ آفریدی شاندار بائولر اور آنے والے وقتوں میں پاکستان کی کامیابیوں میں بے حد اہم کردار ادا کرسکتے ہیں ، وہ ہر فارمیٹ کھیلنے کے خواہاں ہیں لیکن انہیں زخمی ہونے سے بچانے کے لیے ان پر کام کا بوجھ کم کرنے کے ساتھ ساتھ احتیاط سے استعمال کرنا ہوگا، انہیں متواتر کھلانے سے انجریز کا خدشہ بڑھ سکتا ہے۔

محمد عامر نے نیوزی لینڈ سیریز کے لیے منتخب نہ کیے جانے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ سکواڈ کا حصہ بننے کے لیے پرامید تھے تاہم یہ سلیکشن کمیٹی کا فیصلہ ہے، اب وہ اگلی سیریز کی تیاری کررہے ہیں۔ محمد عامر کا مزید کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کے دورے میں کھلاڑیوں کے پاس ہیرو بننے کا موقع ہے اور پرفارم نہ کرنے والوں کی چھٹی بھی ہوسکتی ہے، وہاں کی پچز بیٹنگ کے لیے آسان نہیں ہوتیں جب کہ میدان چھوٹے ہونے کی وجہ سے بائولرز بھی مشکلات کا شکار ہوجاتے ہیں۔
وقت اشاعت : 25/11/2020 - 17:54:59

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :