پنجاب یوتھ فیسٹیول، انٹرڈویژن مقابلے جاری ، لاہور نے تیکوانڈو میں 2 گولڈ میڈلز جیت لئے،55 کلو گرام کیٹگری میں گوجرانوالہ کے مبین، 85کلوگرام میں لاہور کے سروش انجم اور 75کلو گرام میں سفیان عنایت کامیاب رہے،ٹیبل ٹینس کی جنرل پبلک ، کالج اور یونیورسٹی بوائز کیٹیگری میں لاہور ڈویژن کی ٹیموں نے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا

پیر 3 مارچ 2014 19:02

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3مارچ۔2014ء) پنجاب یوتھ فیسٹیول کے انٹر ڈویژن مقابلوں کے مرحلے میں لاہور نے تیکوانڈو میں دو گولڈ میڈلز جیت لئے جبکہ ٹیبل ٹینس کی جنرل پبلک، کالج اور یونیورسٹی بوائز، تینوں کیٹگریز میں لاہور ڈویژن کی ٹیموں نے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ فائنل مقابلے 4مارچ کو صبح گیارہ بجے شروع ہوں گے جن کے مہمان خصوصی پاکستان ٹیبل ٹینس فیڈریشن کے سیکرٹری احمر ملک ہوں گے۔

پنجاب کالج ہال میں جنرل پبلک کے پہلے سیمی فائنل میں لاہورنے ساہیوال کو ایک کے مقابلے تین میچوں سے شکست دی۔ پہلے میچ میں لاہور کے سعدی سعود نے ساہیوال کے نعمان کو شکست دے کر لاہور کو سبقت دلائی دوسرے میچ میں ساہیوال کے شاہ زین علی نے لاہور کے ارتضٰی علی کو ہراکر مقابلہ برابر کر دیا تاہم اگلے دو میچوں میں لاہور کے شعیب نے آفاق اور سعدی سعود نے ساہیوال کے شاہ زین کو شکست دے کر فتح حاصل کرلی۔

(جاری ہے)

دوسرے سیمی فائنل میں فیصل آباد نے راولپنڈی کے خلاف دلچسپ مقابلے کے بعد 3-2 سے کامیابی حاصل کی۔ یونیورسٹی کیٹگری میں لاہور نے راولپنڈی کو 3-0 سرگودھا نے فیصل آباد کو 3-1 جبکہ کالج کیٹگری میں راولپنڈی نے فیصل آباد اور لاہو رنے گوجرانوالہ کو 3-0 سے شکست دی۔ نشتر پارک جمنیزیم ہال میں تیکوانڈو کی جنرل پبلک مقابلوں کی 55 کلوگرام کیٹگری میں گوجرانوالہ کے مبین منور نے گولڈ میڈل حاصل کیا جبکہ لاہور کے ذیشان شبیر دوسرے نمبر پر رہے۔

65 کلوگرام کیٹگری میں لاہور کے سروش انجم نے کامیابی حاصل کی، فیصل آباد کے محمد سلیمان رنر اپ رہے۔ 75 کلوگرام کا مقابلہ لاہور کے سفیان عنایت نے جیتا ملتان کے ثقلین نور دوسرے نمبر پررہے۔ فزیکل کالج گلبرگ میں ہونے والے ٹچ بال کے ابتدائی راؤنڈ کے مقابلوں میں لاہور نے سرگودھا کو، 7-0 ،بہاولپور نے راولپنڈی کو 5-0، سرگودھا نے ڈی جی خان کو 2-1 اور ملتان نے ساہیوال کو 4-0 کے سکور سے شکست دی۔

کرکٹ ہارڈ بال کے میچ میں ملتان نے فیصل آباد کو سخت مقابلے کے بعد پانچ رنز سے ہرایا۔ ملتان نے پہلے کھیلتے ہوئے دو وکٹوں کے نقصان پر 83 رنز بنائے۔ جواب میں فیصل آباد کی ٹیم 78 رنز بناسکی۔ فٹبال کے کالج لیول مقابلے میں فیصل آباد نے ساہیوال کو 3-0 لاہور نے ڈی جی خان کو 2-0 سے ہرایا۔ یونیورسٹی لیول میں لاہور نے ساہیوال کو 5-0 ،سرگودھا نے گوجرانوالہ کو 5-0 اور جنرل پبلک مقابلوں میں لاہور نے ڈی جی خان جبکہ سرگودھا نے بہاولپور کو1-0 سے ہرایا۔

وقت اشاعت : 03/03/2014 - 19:02:49

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :