ہم اگلے جہاں میں ایک ساتھ فٹبال کھیلیں گے، برازیلین فٹبالر پیلے کا میراڈونا کو خراج تحسین

مجھے اور بھی بہت کچھ کہنا ہے لیکن یہاں سب سے اہم یہ ہے کہ خدا ڈیاگو میراڈونا کے اہلخانہ کو صبر عطا کرے: برازیلین فٹبال سٹار

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 26 نومبر 2020 13:08

ہم اگلے جہاں میں ایک ساتھ فٹبال کھیلیں گے، برازیلین فٹبالر پیلے کا میراڈونا کو خراج تحسین
ریوڈی جنیرو (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 26 نومبر 2020ء ) معروف برازیلین فٹ بالر پیلے نے ارجنٹائن کےعالمی شہرت یافتہ لیجنڈری فٹبالر ڈیاگو میراڈونا کی موت پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ہم اگلے جہاں میں ایک ساتھ فٹ بال کھیلیں گے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر معروف برازیلین فٹ بالر پیلے نے لیجنڈری فٹ بالر ڈیاگو میراڈونا کی تصویر شیئر کی جس میں وہ جیت کے جشن مناتے نظر آرہے ہیں۔

80 سالہ پیلے نے انسٹاگرام پوسٹ کے کیپشن میں ڈیاگو میراڈونا کی موت کی خبر کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے لکھا کہ ’’آج میں نے اپنا ایک عزیز دوست اور دنیا نے ایک لیجنڈ کھو دیا ہے، ابھی مجھے اور بھی بہت کچھ کہنا ہے لیکن یہاں سب سے اہم یہ ہے کہ خدا ڈیاگو میراڈونا کے اہلخانہ کو صبر عطا کرے، ڈیاگو میراڈونا، ہم اگلے جہاں میں ایک ساتھ فٹ بال کھیلیں گے‘‘۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے لیجنڈری فٹبالر ڈیاگو میراڈونا بدھ کے دن 60 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔ ڈیاگو میراڈونا کا انتقال بیونس آئرس میں اپنے گھر میں حرکت قلب بند ہوجانے کے سبب ہوا۔ خیال رہے کہ میراڈونا نے 1986ء میں میکسیکو میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ میں بطور کپتان ارجنٹائنی ٹیم کو 1978ء کے بعد دوسری مرتبہ عالمی چیمپئن بنوایا تھا۔ میرا ڈونا نے 4 ورلڈ کپس (1982ء،1986ء،1990ء،1994ء) میں ارجنٹائن کی نمائندگی کی، انہوں نے 1977ء سے 1994ء کے دوران ارجنٹائنی ٹیم کے لیے 91 میچز کھیلے اور 34 گول سکور کیے جب کہ 1976ء سے 1997ء کے دوران اپنے پروفیشنل فٹبال کیریئر میں 588 میچز کھیل کر 312 مرتبہ گیند کو جال میں پہنچایا۔
وقت اشاعت : 26/11/2020 - 13:08:23

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :