ہم اگلے جہاں میں ایک ساتھ فٹبال کھیلیں گے، برازیلین فٹ بالر پیلے

جمعرات 26 نومبر 2020 13:58

ہم اگلے جہاں میں ایک ساتھ فٹبال کھیلیں گے، برازیلین فٹ بالر پیلے
برازیلیا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 نومبر2020ء) معروف برازیلین فٹ بالر پیلے نے ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے عالمی شہرت یافتہ لیجنڈری فٹبالر ڈیاگو میراڈونا کی موت پر شدید دٴْکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اگلے جہاں میں ایک ساتھ فٹ بال کھیلیں گے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر معروف برازیلین فٹ بالر پیلے نے لیجنڈری فٹ بالر ڈیاگو میراڈونا کی تصویر شیئر کی ہے جس میں وہ جیت کے جشن مناتے نظر آرہے ہیں۔

برازیلین فٹ بالر پیلے نے انسٹاگرام پوسٹ کے کیپشن میں فٹ بالر ڈیاگو میراڈونا کی موت کی خبر کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے لکھا کہ آج میں نے اپنا ایک عزیز دوست اور دنیا نے ایک لیجنڈ کھو دیا ہے۔فٹ بالر پیلے نے کہا کہ ابھی مجھے اور بھی بہت کچھ کہنا ہے تاہم یہاں سب سے اہم یہ ہے کہ خدا ڈیاگو میراڈونا کے اہلخانہ کو صبر عطا کرے۔

(جاری ہے)

اٴْنہوں نے جذباتی ہوتے ہوئے لکھا کہ ڈیاگو میراڈونا ہم اگلے جہاں میں ایک ساتھ فٹ بال کھیلیں گے۔

واضح رہے کہ ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے عالمی شہرت یافتہ لیجنڈری فٹبالر ڈیاگو میراڈونا گزشتہ روز 60 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ارجنٹائن میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ڈیاگو میراڈونا کا انتقال حرکتِ قلب بند ہوجانے کے سبب ہوا جبکہ وہ اس دوران بیونس آئرس میں اپنے گھر میں ہی موجود تھے۔خیال رہے کہ میراڈونا 1986 میں میکسیکو میں ہونے والے فیفا ورلڈکپ کے دوران ارجنٹائن ٹیم کے کپتان تھے اور اپنی ٹیم کو دوسری مرتبہ عالمی چمپئن بنوایا۔میرا ڈونا نے ارجنٹائن کے 4 عالمی کپ میں نمائندگی کی، قومی ٹیم کے لیے 91 میچز کھیلے اور 34 گول اسکور کیے۔
وقت اشاعت : 26/11/2020 - 13:58:36

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :