دورہ نیوزی لینڈ، کرونا وائرس کا شکار ہونے والے 3 کھلاڑیوں کے نام سامنے آگئے

سابق کپتان سرفراز احمد ، پاکستان شاہینز کے کپتان روحیل نذیر ،فاسٹ بائولر نسیم شاہ کا کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق ہوگئی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 26 نومبر 2020 17:41

دورہ نیوزی لینڈ، کرونا وائرس کا شکار ہونے والے 3 کھلاڑیوں کے نام سامنے آگئے
ویلنگٹن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 26 نومبر 2020ء ) دورہ نیوزی لینڈ میں کرونا وائرس کا شکار ہونے والے 3 قومی کرکٹرز کے نام بھی سامنے آگئے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں موجود قومی کرکٹ ٹیم اور منیجمنٹ کا گزشتہ روز پہلا کورونا ٹیسٹ لیا گیا تھا جسکے نتیجوں کے مطابق 6 کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ جن 6 کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ان میں سے 4 کنفرم کرونا وائرس کا شکار ہوئے ہیں جبکہ دیگر 2 کھلاڑیوں کے ٹیسٹ ایک بار پھر دوبارہ لیے جارہے ہیں ۔

نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے مطابق جن 6 کھلاڑیوں کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں ان میں سے 2 ارکان پہلے بھی کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں، پاکستان سکواڈ کے کورونا سے متاثرہ کھلاڑیوں نے خود کو ہلٹن ہوٹل میں قرنطینہ کرلیا،کرکٹ نیوزی لینڈ نے کہا ہے کہ پاکستانی سکواڈ کے کچھ اراکین نے آئسولیشن کے پہلے دن ہی ایس او پیز کی خلاف ورزی کی۔

(جاری ہے)

نیوزی لینڈ کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ’متعدد‘ ممبران کو سی سی ٹی وی کیمروں پر کرونا پروٹوکول کی خلاف ورزی کرتے دیکھا گیا ہے لیکن وزارت نے اس بارے میں تفصیل فراہم نہیں کی کہ کیا قوانین توڑے گئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستانی کرکٹرز کی جانب سے کووڈ پروٹوکول کی خلاف ورزی کے دو واقعات ٹیم کے نیوزی لینڈ پہنچنے کے پہلے 12 گھنٹے کے دوران ہی سامنے آ گئے تھے۔ پہلے واقعے میں کھلاڑیوں نے اس وقت پروٹوکول کی خلاف ورزی کی جب انھیں ہوٹل میں کھانا پیش کیا گیا تو کھانے کی ٹرے وصول کرتے وقت کئی کھلاڑیوں نے ماسک نہیں پہن رکھے تھے۔ دوسرے واقعے میں کھلاڑیوں نے ہوٹل میں کمروں کے دروازے کھول کر ایک دوسرے سے گفتگو شروع کردی جسے کیمرے نے ریکارڈ کر لیا۔

کینٹربری ڈسٹرکٹ ہیلتھ بورڈ کے میڈیکل آفیسر آف ہیلتھ نے اب سکواڈ کی انتظامیہ کو ایک خط بھیجا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ٹیم کے تمام ممبران اگلے احکامات تک اپنے اپنے کمروں میں رہیں ، کھلاڑیوں کا تربیتی سیشن بھی ختم کردیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق قومی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد ، پاکستان شاہینز کے کپتان روحیل نذیر اور فاسٹ بائولر نسیم شاہ کا کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کے بعد انہیں قرنطینہ کردیا گیا ہے، نجی ٹی وی کے مطابق تینوں کھلاڑیوں نے الگ گروپ بنا رکھا ہے اور یہ ہوٹل کے ریسٹورنٹ سے بغیر ماسک پہنے کھانا لینے گئے تھے۔

واضح رہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم 2 روز پہلے نیوزی لینڈ پہنچی تھی، نیوزی لینڈ میں کورونا ایس او پیز کے تحت سیریز سے قبل کھلاڑیوں کے 3 ٹیسٹ کئے جائیںگے۔
وقت اشاعت : 26/11/2020 - 17:41:28

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :