بابر اعظم باصلاحیت کھلاڑی ہیں ‘ قائدانہ صلاحیتیں نکھارنے کے لئے انہیں کچھ ٹائم دینا چاہیے‘ سابق کرکٹر محمد وسیم

جمعرات 26 نومبر 2020 20:26

بابر اعظم باصلاحیت کھلاڑی ہیں ‘ قائدانہ صلاحیتیں نکھارنے کے لئے انہیں کچھ ٹائم دینا چاہیے‘ سابق کرکٹر محمد وسیم
اسلام آباد۔26نومبر  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26نومبر2020ء) :سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد وسیم نے کہا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم دنیا کی کسی بھی ٹیم کو شکست دے سکتی ہے ‘ بابراعظم کے لئے ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی کرنا مشکل ہوگا‘ قائدانہ صلاحیتیں دکھانے کے لئے انہیں تھوڑا ٹائم دینے کی ضرورت ہے‘ دورہ نیوزی لینڈ آسان نہیں‘ شاہین شاہ آفریدی اور محمد عباس نیوزی لینڈ کے لئے مشکلات پیدا کر سکتے ہیں۔

جمعرات کو ایک انٹرویو کے دوران محمد وسیم نے کہا کہ بابر اعظم نوجوان ہے اور بہت باصلاحیت کھلاڑی ہے اسے اپنی قائدانہ صلاحیتوں کو نکھارنے کے لئے کچھ ٹائم دینا چاہیے۔ انہیں کپتانی کے ساتھ ساتھ اچھی بلے بازی بھی جاری رکھنی ہوگی‘ عمدہ پرفارمنس دیکھ کر دوسرے کھلاڑی بھی ان سے متاثر ہوں گے‘ ایک دو سیریز کے بعد بابر اعظم کی قائدانہ صلاحیتیں سامنے آجائیں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بابر اعظم کو ٹی ٹونٹی اور ون ڈے میں قیادت کا تجربہ ہے مگر ٹیسٹ کرکٹ حکمت عملی اور صبر آزما کھیل ہے‘ بابر اعظم کو اس حکمت عملی کو اپنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ کوچ مصباح الحق اور سابق کپتان اظہر علی جیسے سینئرز کی موجودگی میں دورہ نیوزی لینڈ ان کے لئے بہتر ثابت ہوگا اور ایک بہتر اور پراعتماد بابراعظم سامنے آئے گا۔

ایک سوال کے جواب میں محمد وسیم نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ اظہر علی ایک مضبوط کردار ہیں۔ انہیں بھی ایسی ہی صورتحال کا سامنا کرنا پڑتا تھا جب انہیں ایک روزہ کرکٹ کی کپتانی سے ہٹایا گیا لیکن اس کے بعد انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ محمد وسیم نے کہا کہ میں اظہر علی کو کافی عرصہ سے جانتا ہوں وہ مضبوط شخصیت کا مالک ہے جس طرح انہیں کپتانی سے ہٹایا گیا انہیں مایوسی تو ہوئی ہوگی لیکن وہ اپنی پرفارمنس سے اس صورتحال سے باہر آجائے گا۔

دورہ نیوزی لینڈ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کا دورہ پاکستان کے لئے کبھی بھی آسان نہیں رہا۔ وہاں کی کنڈیشنز مختلف اور وکٹیں فاسٹ باﺅلرز کے لئے مددگار ہوتی ہیں اور یہ میزبان ٹیم کے گیم پلان کا حصہ بھی ہو سکتا ہے۔ توقع ہے ٹیسٹ میچوں میں وکٹ پر گھاس موجود ہوگی۔ محمد عباس اور شاہین شاہ آفریدی نیوزی لینڈ کے لئے مشکلات پیدا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اصل چیلنج ہمارے بلے بازوں کے لئے ہے اور اظہر علی‘ بابر اعظم عابد علی اور شان مسعود جیسے سینئر کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کا امتحان ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم دنیا کی کسی بھی ٹیم کو شکست دے سکتی ہے اس کے لئے انہیں حالات کے مطابق اور جارحانہ کرکٹ کھیلنا ہوگی۔

وقت اشاعت : 26/11/2020 - 20:26:13

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :