انڈر16 نیشنل جونیئر گیمز کا پشاور میں آغاز

گیمز میں پنجاب ، سندھ ، بلوچستان ، گلگت بلتستان ، آزاد کشمیر آرمی ، واپڈا اور خیبرپختونخوا کی ٹیمیں شرکت کررہی ہیں

ہفتہ 28 نومبر 2020 16:35

انڈر16 نیشنل جونیئر گیمز کا پشاور میں آغاز
ْپشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 نومبر2020ء) ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سپورٹس خیبرپختونخواکے زیراہتمام انڈر 16 ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے ٹریننگ کیمپ کے بعد جونیئر نیشنل گیمز کا پشاور میں آغاز ہوگیا سات ایونٹس میں کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کررہے ہیں‘پانچ ایونٹس پشاور سپورٹس کمپلیکس ‘فٹبال طہماس فٹبال سٹیڈیم جبکہ بیڈمنٹن کے مقابلے عبدالولی خان کمپلیکس چارسدہ میں جاری ہیں‘ گزشتہ روز پشاور سپورٹس کمپلیکس میں سکواش کے مقابلوں کا افتتاح سیکرٹری سپورٹس عابد مجید نے کیا ان کے ہمراہ ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خیبرپختونخوا اسفندیار خان خٹک ‘ڈائریکٹر آپریشنز سید ثقلین شاہ‘ڈائریکٹر پراجیکٹس مراد علی مہمند سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھیں‘سیکرٹری سپورٹس عابد مجید نے ڈی جی سپورٹس کے ہمراہ عبدالولی خان سپورٹس کمپلیکس چارسدہ میں بھی بیڈمنٹن کے مقابلوں کا افتتاح کیا‘سیکرٹری سپورٹس عابد مجید نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کھیلوں کے فروغ و ترقی کے لئے بھرپور اقدامات اٹھارہی ہے اور انڈر16 ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام اسی سلسلے کی کڑی ہے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق اور وزیراعلیٰ محمود خان کی ہدایات کی روشنی میں خیبرپختونخوا میں کھلاڑیوں کو کھیلوں کے مواقع اور بہترین سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا ‘گزشتہ روز بیڈمنٹن کے ٹیم ایونٹس گرلز کے مقابلوں میں بلوچستان اور سندھ کی ٹیموں کو بائی مل گئی‘ٹیم ایونٹ بوائز کے مقابلوں میں خیبرپختونخوا کا مقابلہ بلوچستان سے ہوگا‘سکواش کے مقابلوں میں خیبرپختونخوا ‘پنجاب اور سندھ کی ٹیموں کے درمیان مقابلہ جاری ہے گزشتہ روز قمرزمان سکواش کمپلیکس پشاور میں ہونیوالے میچوں میں خیبرپختونخوا کے فہد شریف نے سندھ کے عبدالباسط کے خلاف گیارہ آٹھ‘گیارہ پانچ اور گیارہ سات سے کامیابی حاصل کی ‘خیبرپختونخوا کے حماد خان نے سندھ کے انس دلشاد کے خلاف گیارہ چار ‘گیارہ چار اور گیارہ چار سے کامیابی حاصل کی جبکہ تیسرے میچ میں خیبرپختونخوا کے مطاہر علی نے سندھ کے محمد زمان کے خلاف گیارہ تین ‘گیارہ دو اور گیارہ آٹھ سے کامیابی اپنے نام کی پنجاب کو بائی مل گئی‘مقابلوں کے چیف آرگنائزر منور زمان کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کے درمیان کانٹے کے مقابلے جاری ہیں کھلاڑیوں اور آفیشلز کے لئے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں اور امید ہے کہ ان مقابلوں سے ہمیں بہترین ٹیلنٹ ملے گا انہوں نے کہا کہ اب تک خیبرپختونخوا کے کھلاڑیوں کی کارکردگی بہترین رہی ہے اور کے پی نے تمام میچ جیتے ہیں‘انڈر16 نیشنل گیمز کے سلسلے میں والی بال کے مقابلے گزشتہ روز پشاور میں شروع ہوگئے صوبائی والی بال ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل خالد وقار اور نائب صدر فقیر محمد اعوان نے مقابلوں کا افتتاح کیا گزشتہ روز ہونیوالے مقابلوں میں گلیات کی ٹیم نے پنجاب کے خلاف پچیس تئیس ‘پچیس چھ اور پچیس بارہ سے کامیابی حاصل کی جبکہ دوسرے میچ میں آزاد جموں کشمیر نے سندھ کے خلاف پچیس سترہ‘پچیس بارہ اور پچیس نو سے کامیابی اپنے نام کی اس سے قبل ان کھیلوں کے تربیتی کیمپ اختتام پذیر ہوگئے جس میں صوبہ بھر سے 256 مرد وخواتین کھلاڑیوں نے شرکت کی ، آخری مرحلے میں کھلاڑیوں کو کوالیفائیڈکوچز کے زیرنگرانی 10 دن ٹریننگ دی گئی ۔

(جاری ہے)

دس روزہ کیمپ میں بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کیاگیا جواب ان نیشنل گیمز میں شرکت کررہے ہیں۔
وقت اشاعت : 28/11/2020 - 16:35:15

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :