پی ایف ایف نیشنل چیلنج کپ، 1 کمرے میں 8 کھلاڑی رہائش پذیر

کھلاڑی بیڈ کی بجائے گندے میٹرس پر سونے پر مجبور،کھانے کیلئے بھی مناسب جگہ نہیں دی جارہی ہے ، کورونا وائرس پھیلنے کا خدشہ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 3 دسمبر 2020 13:49

پی ایف ایف نیشنل چیلنج کپ، 1 کمرے میں 8 کھلاڑی رہائش پذیر
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 3 دسمبر 2020ء ) ملک میں کورونا وائرس کے پھیلائو کے باوجود پاکستان فٹ بال فیڈریشن (پی ایف ایف) نیشنل چیلنج کپ میں کورونا وائرس کے ایس او پیز نظر انداز کردیے گئے ، سپورٹس بورڈ پنجاب کے ایک کمرے میں بعض کلبوں کے 7 سے 8 کھلاڑیوں کو رکھا گیا ہے۔ لاہور میں جاری فٹبال ٹورنامنٹ میں بعض کلبوں کے کھلاڑیوں کو دی گئی سہولیات پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔

کھلاڑی بیڈ کی بجائے گندے میٹرس پر سونے پر مجبور ہیں اور انہیں کھانا کھانے کے لیے بھی مناسب جگہ نہیں دی جارہی ہے ، سہولیات کے فقدان کے باعث ایک کمرے میں 7 سے 8 کھلاڑی رہنے پر مجبور ہیں جس سے کھلاڑیوں میں کورونا وائرس پھیلنے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ پاکستان فٹ بال فیڈریشن نے میڈیا کی جانب سے رابطہ کیے جانے پر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ذمہ داری ٹیموں پر ڈال دی ۔

(جاری ہے)

ترجمان پی ایف ایف کا کہنا تھا کہ فٹبال فیڈریشن کی جانب سے کلبوں کو مالی سپورٹ فراہم کی جاتی ہے اور ایونٹ کے انتظامات کلب کی انتظامیہ کے پاس ہیں جب کہ کورونا ٹیسٹنگ کرنا بھی کلبز اور ڈیپارٹمنٹس کی ذمہ داری ہے۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان فٹبال فیڈریشن نے تمام کلبز کو کورونا وائرس پروٹوکول پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کردی ہے۔

ادھر سپورٹس بورڈ پنجاب نے بھی کھلاڑیوں کو درپیش مشکلات سے خود کو بری الزمہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ سپورٹس بورڈ اس ایونٹ کا آرگنائزر نہیں بلکہ اس نے صرف جگہ فراہم کی ہے۔ واضح رہے کہ ٹورنامنٹ میں 28 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں پاک فوج ، بلوچ ایف سی نوشکی ، پاکستان پولیس ، ایچ ای سی ، این بی پی ، کراچی یونائیٹڈ ، ہما ایف سی ، فالکن کمپنی ، کے آر ایل ، کے پی ٹی ، پوپو ایف سی ، سیف ٹیکس ، پی سی اے اے ، افغان ایف سی چمن ، بلوچ ایف سی کوئٹہ ، لائل پور ایف سی ، واپڈا ، پاکستان نیوی ، ایشیاء گھی ملز ، ایس اے فارمز ، ایس ایس جی سی ، مشہ یونائیٹڈ ، ایس اے گارڈنز ، وہیب ایف سی ، پاکستان ایئر فورس ، ایس این جی پی ایل ، ہزارہ کول کمپنی اور نمسو ایف سی شامل ہیں۔
وقت اشاعت : 03/12/2020 - 13:49:09

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :