انٹرنیشنل عبدالناصر باسکٹ بال کورٹ آرام باغ پر دوسرے مرحلے پر کام کا آغاز

جمعرات 3 دسمبر 2020 18:51

انٹرنیشنل عبدالناصر باسکٹ بال کورٹ آرام باغ پر دوسرے مرحلے پر کام کا آغاز
کرا چی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 دسمبر2020ء) اسسٹنٹ کمشنر آرام باغ عمران نذیر شیخ نے کہاکہ انشا اللہ عبدالناصر باسکٹ بال کورٹ آرام باغ کے دوسرے مرحلے کا تعمیر و ترقی اور تزئین و آرائش کا کام 13دسمبر تک مکمل کرلیا جائیگا یہ اعلان انہوںنے ایڈمنسٹریٹر و ڈپٹی کمشنر سائوتھ ارشاد علی سوڈھر کی ہدایت پر DMCسائوتھ کی جانب سے باسکٹ بال کورٹ پر دوسرے مرحلے کے کام کا افتتاح کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ڈائریکٹر پارکس اینڈ سروسز بلدیہ جنوبی آغا سمیر خان درانی ڈائریکٹر اسپورٹس آصف عظیم ،احمر صدیقی ،مختار کار محمد موسیٰ مورائی ،کراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر غلام محمد خان ،عبدالناصر ،طارق حسین ،ذاہد ملک اور دیگر بھی موجود تھے اسسٹنٹ کمشنر عمران نذیر شیخ نے کہاکہ باسکٹ بال کورٹ پر دوسرے مرحلے میں کھلاڑیوں اور شائقین کے لئے 3واش رومز ایک کھلاڑیوں کے لئے چینجنگ روم تعمیر کیا جائیگا اور شائقین کے لئے 100عدد کرسیاں اسٹینڈ میں فکس کی جائینگی ،واش روم اور چینجنگ روم بلدیہ جنوبی جبکہ کرسیاں آرام باغ فرنیچر مارکیٹ نے کورٹ کو گفٹ کیا ہے اسسٹنٹ کمشنر آرام باغ نے کہا کہ انشا اللہ اس قدیم باسکٹ بال کورٹ کو شہر کراچی کا بہترین اور خوبصورت باسکٹ بال کورٹ بنا یا جائیگا اور اس خوبصورت کورٹ پر 30دسمبر سے کمشنر کپ ٹورنامنٹ منعقد ہوسکے گا ۔

(جاری ہے)

KBBAے صدر غلام محمد خان نے اس موقع پر کہاکہ میں اللہ تعالی کا شکر گزار ہوں کہ شہر میں ایڈمنسٹریٹر و کمشنر کراچی افتخار شالوانی کی زیر سرپرستی شہر کراچی کے مختلف اضلاع کے ایڈمنسٹریٹر و ڈپٹی کمشنر کھیل کے میدانوں کی ترقی اور تزئین و آرائش پر بھر پور توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں اس میں ضلع جنوبی سر فہرست ہے غلام محمد خان نے ڈپٹی کمشنر سائوتھ ارشاد علی سوڈھر کا کھیل اور کھلاڑیوں سے محبت اور شفقت پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا کہ انہوںنے ذاتی دلچسپی لیکر قدیم آرام باغ باسکٹ بال کورٹ کی تزئین و آرائش کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے ۔

دریں اثناء ایڈمنسٹریٹر و ڈپٹی کمشنر سائوتھ ارشاد علی سوڈھر نے اچانک آرام باغ کا دورہ کرکے اور جاری کاموں کا معائنہ کیا اس موقع پر محکمہ پارکس بلدیہ جنوبی کے ڈپٹی ڈائریکٹر احمر صدیقی نے کام سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی ڈپٹی کمشنر سائوتھ نے محکمہ پارکس بلدیہ جنوبی کو ہدایت کی آرام باغ پارک میں بچوں کے لئے جھولے اور بزرگوں کے لئے تفریحی سہولتیں فراہم کی جائے انہوںنے پارک میں گرینری اور موسمی پھول لگانے کی بھی ہدایت کی ۔
وقت اشاعت : 03/12/2020 - 18:51:48

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :