پاکستان کا دورہ نیوزی لینڈ کھلاڑیوں کے آرام سے مشروط:احسان مانی

پی سی بی چیئرمین نے ہیڈ کوچ مصباح الحق ،کپتان بابراعظم سے دورہ جاری رکھنے کے بارے میں رائے طلب کرلی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 4 دسمبر 2020 17:34

پاکستان کا دورہ نیوزی لینڈ کھلاڑیوں کے آرام سے مشروط:احسان مانی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 4 دسمبر 2020ء ) پاکستان کا دورہ نیوزی لینڈ خطرے میں پڑ سکتا ہے کیونکہ کرکٹ حکام نے کھلاڑیوں سے آراء طلب کی ہیں اور ان کے جواب کی روشنی میں فیصلہ کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی کے چیئرمین احسان مانی نے مبینہ طور پر ہیڈ کوچ مصباح الحق اور کپتان بابر اعظم سے دورہ جاری رکھنے کے بارے میں رائے طلب کی ہے۔

مصباح اور بابراعظم پی سی بی کے چیئرمین کو واپس رپورٹ کرنے سے پہلے اس مسئلے پر کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ کے ساتھ تبادلہ خیال کریں گے۔ذرائع کے مطابق احسان مانی اس کے بعد بورڈ کے دیگر ممبروں سے بھی مشاورت کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کے دورے کے مستقبل کا فیصلہ آراء اور مشاورت کی روشنی میں کیا جائے گا، اگر کھلاڑی سہولتوں سے مطمئن ہوں گے تو ہی یہ دورہ آگے بڑھ پائے گا۔

(جاری ہے)

احسان مانی کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب پی سی بی کے سی ای او وسیم خان نے نیوزی لینڈ کے محکمہ صحت کے حکام کی جانب سے 10 دن کی تنہائی کے باوجود پاکستان ٹیم کے صحتمند ممبران کو ٹریننگ کی اجازت دینے سے انکار پر مایوسی کا اظہار کیا تاہم وسیم خان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کو ٹریننگ کی اجازت دینے سے انکار کرنا نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کا نہیں بلکہ نیوزی لینڈ کی حکومت کا فیصلہ تھا ۔

پی سی بی کے سی ای او نے کہا کہ انہوں نے اپنے کیوی ہم منصب سے بھی بات کی اور اس فیصلے کے بعد پاکستانی سکواڈ کو درپیش ممکنہ چیلنجوں پر تبادلہ خیال کیا۔ وسیم خان کا کہنا تھا کہ کہ انہوں نے مصباح الحق اور بابراعظم سے بات کی ہے اور دونوں کا مورال بلند ہے اور آئیسولیشن کے 4 دن ختم کرنے اور ٹی ٹونٹی سیریز کی تیاری کرنے کے منتظر ہیں ۔
وقت اشاعت : 04/12/2020 - 17:34:17

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :