قائد اعظم ٹرافی،اسد شفیق 35 گیندیں کھیل کر بھی کھاتہ کھولنے میں ناکام رہے

سندھ نے سنٹرل پنجاب کے خلاف 432 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 4 وکٹوں پر 152 رنز بنالیے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 5 دسمبر 2020 11:23

قائد اعظم ٹرافی،اسد شفیق 35 گیندیں کھیل کر بھی کھاتہ کھولنے میں ناکام رہے
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5 دسمبر2020ء) سندھ کے کپتان اسد شفیق نے نیشنل سٹیڈیم میں قائد اعظم ٹرافی فرسٹ الیون کے چھٹے رائونڈ کے میچ میں سینٹرل پنجاب کے خلاف 35 گیندیں کھیل کر بغیر کوئی رن بنائے بغیر اپنی وکٹ دیکر سلیکشن کمیٹی کی جانب سے دورہ نیوزی لینڈ سے ڈراپ کیے جانے کی فیصلے کو درست ثابت کردیا ۔ سینٹرل پنجاب نے تیسرے روز کے کھیل کا آغاز 96 رنز پانچ کھلاڑی آئوٹ سے کیا ۔

سعد نسیم گزشتہ روز کے سکور میں 7 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد آئوٹ ہو گئے انہوں نے 21 رنز بنائے جبکہ علی شان 6 رنز پر آئوٹ ہو ئے ۔ سنٹرل پنجاب کی اننگز کی خاص بات احمد صفی کے ناٹ آئوٹ 83 رنز تھے انہوں نے 60 گیندوں پر 6 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے جارحانہ اننگز کھیلی ۔ سندھ کی جانب سے ابرار احمد نے 40 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ۔

(جاری ہے)

شاہنواز دھانی نے تین اور محمد عمر نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

سندھ کی ٹیم سینٹرل پنجاب کے خلاف پہلی اننگز میں صرف 92 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی جس میں اسد شفیق کا حصہ صرف 13 رنز کا تھا اور توقع ظاہر کی جارہی تھی کہ اپنے وسیع بین الاقوامی کا تجربے کا استعمال کرتے ہوئے اسد شفیق دوسری اننگز میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرکے سندھ کو مشکلات سے نکالنے کی کوشش کریں گے۔ سندھ کی ٹیم کا سکور جب 2 وکٹوں کے نقصان پر 65 رنز تک پہنچا تو میچ میں باقی ڈیرھ دن تک بلے بازی کرنے کی بجائے اسد شفیق 35 گیندیں کھیلنے کے باوجود بغیر کوئی رن بنائے بغیر آؤٹ ہوگئے۔

اسد شفیق کے یوں ناکام ہونے پر شائقین کرکٹ بھی ایک ایسے بلے باز کی جانب سے مایوس کن پرفارمنس پر حیران نظر آئے جس کا مقابلہ سابق پاکستانی کوچ مکی آرتھر نے کبھی سچن ٹنڈولکر سے کیا تھا ۔ یاد رہے کہ اسد شفیق کو 10 سال بعد پہلی مرتبہ دورہ نیوزی لینڈ کے لیے پاکستان ٹیسٹ سکواڈ میں بھی جگہ نہیں مل سکی تھی۔
وقت اشاعت : 05/12/2020 - 11:23:17

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :