سمیع اسلم کے بعد کورے اینڈرسن نے بھی امریکہ میں میجر لیگ کرکٹ کھیلنے کی آفر قبول کرلی

کیوی آل رائونڈر نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان بھی کردیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 5 دسمبر 2020 13:19

سمیع اسلم کے بعد کورے اینڈرسن نے بھی امریکہ میں میجر لیگ کرکٹ کھیلنے کی آفر قبول کرلی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 5 دسمبر 2020ء ) قومی ٹیم کے اوپنر سمیع اسلم کے بعد کیوی آل رائونڈر کورے اینڈرسن نے بھی امریکہ میں 3 سالہ میجر لیگ کرکٹ کھیلنے کی آفر قبول کرلی ہے ۔ 29 سال آل رائونڈر نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان بھی کردیا۔ کورے اینڈرسن نے اپنے ملک کی جانب سے آخری ٹیسٹ میچ فروری 2016ء جب کہ آخری فرسٹ کلاس میچ اپریل 2018ء میں کھیلا تھا۔

واضح رہے کہ کورے اینڈرسن ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین سنچری بنانے والے کھلاڑی ہیں،انہوں نے جنوری 2014ء میں ویسٹ انڈیز کے خلاف محض 36 گیندوں پر سنچری بنائی تھی، ان سے قبل یہ ریکارڈ پاکستان کے شاہد آفریدی کے پاس تھا۔ انہوں نے 2012ء سے 2018ء کے دوران 13 ٹیسٹ، 49 ون ڈے اور 31 ٹی ٹونٹی مقابلوں میں نیوزی لینڈ کی نمائندگی کی تھی ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ سمیع اسلم تقریبا 3 سال امریکہ میں ڈومیسٹک مقابلوں میں حصہ لیں گے جس کے بعد وہ امریکی کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کے اہل ہوجائیں گے ۔

سمیع اسلم اور دیگر پاکستانی کھلاڑیوں سمیت بہت سارے کرکٹرز نے حال ہی میں امریکہ جانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ وہ 2023ء ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلنے کے اہل ہوسکیں۔ سمیع اسلم کا یو ایس اے کرکٹ بورڈ سے 3 سال کا کنٹریکٹ ہوا ہے اور سالانہ 1 لاکھ ڈالر(تقریبا ایک کروڑ 60 لاکھ پاکستانی روپے)، گھر اور گاڑی کنٹریکٹ میں شامل ہے۔ سمیع اسلم نے گزشتہ سال قائداعظم ٹرافی میں جنوبی پنجاب کی نمائندگی کی تھی اور اس سال وہ بلوچستان کی ٹیم کا حصہ تھے، وہ اپنی سابقہ ​​ٹیم کی قیادت کر رہے تھے لیکن ہیڈ کوچ عبد الرحمن سے میدان میں ٹیم پلان کیخلاف جانے پر انہیں کپتانی سے ہٹا دیا گیا تھا ۔

سمیع اسلم نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں بلوچستان کی سیکنڈ الیون میں شامل کیے جانے پر ٹورنامنٹ سے دستبردار ہوگئے تھے ۔ انہوں نے قائداعظم ٹرافی کے میچز بھی صرف اس امید پر کھیلی تھی کہ شاید دورہ نیوزی لینڈ کے لیے سکواڈ میں ان کا نام آجائے۔ 2015ء میں بنگلہ دیش کیخلاف ٹیسٹ کیریئر کرنے والے سمیع اسلم نے پاکستان کے لئے 13 ٹیسٹ میچوں میں 31.58 کی اوسط سے 758 رنز بنائے تھے اور نیوزی لینڈ کیخلاف ہیملٹن میں 2016ء کے دوران 91 رنز ان کا بہترین سکور تھا ۔ انہوں نے 4 ون ڈے میچز میں بھی پاکستانی ٹیم کی نمائندگی کر رکھی ہے ۔
وقت اشاعت : 05/12/2020 - 13:19:46

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :