کھیلوں کی ترقی کیلئے سفارشی کلچر اور پرچی سسٹم کو ختم کرکے میرٹ کی بنیاد پر فیصلے کرنے ہونگے، اعجازالحق

کھیلوں میں سیاست نہیں ہونی چاہئے اس میں کھلاڑیوں کا نقصان ہوتا ہے ،ہمیں ملک میں کھیلوں کی ترقی میں مثبت کردار ادا کرنا ہو گا، صدر اسلام آباد کراٹے ایسوسی ایشن

ہفتہ 5 دسمبر 2020 15:00

کھیلوں کی ترقی کیلئے سفارشی کلچر اور پرچی سسٹم کو ختم کرکے میرٹ کی بنیاد پر فیصلے کرنے ہونگے، اعجازالحق
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2020ء) اسلام آباد کراٹے ایسوسی ایشن کے صدر اعجازالحق نے کہا ہے کہ ہمیں ملک میں کھیلوں کی ترقی کے لئے سفارشی کلچر اور پرچی سسٹم کو ختم کرکے میرٹ کی بنیاد پر فیصلے کرنے ہونگے۔ ایک انٹرویومیں انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں کراٹے کی ترقی کے لئے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے اور وسائل کی کمی ہے، اسلام آباد واحد شہر ہے جس میں اسلام آباد سپورٹس بورڈ کسی کھیلوں کی تنظیموں کو گرانٹ نہیں دیتا اور نہ ہی دیگر صوبوں کی طرح سالانہ کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کرواتا ہے، انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت کے کھلاڑی مختلف ملکی سطح پر کھیلوں کے مقابلوں میں میڈلز حاصل کرکے لاتے ہیں ان کی کوئی حوصلہ افزائی نہیں کرتا، صوبوں میں ان کے سپورٹس بورڈ ان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے تقریبات منعقد کروا کر انعامات سے نوازتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں کھیلوں کی ترقی کے لئے ہمیں سفارشی کلچر اور پرچی سسٹم کو ختم کرکے میرٹ پر فیصلے کرنیہونگے، انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کراٹے ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ریفریز اینڈ ججز کوچنگ کورس اور سیمینارز کا انعقاد کرنے کے ساتھ کھلاڑیوں کے لئے تربیتی کیمپوں کا بھی انعقاد کرے گی، انہوں نے کہا کہ اس سال ملک میں کرونا وائرس کی وباء کے باعث ایسوسی ایشن کے زیراہتمام دو ٹورنامنٹس کا انعقاد کیا گیا اور آئندہ برس 2021 کی سرگرمیوں کا اعلان آئندہ ماہ دسمبر میں کیا جائیگا، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے اعجازالحق نے کہا کہ کوئی بھی کھیل حکومت اور سپانسر کی سرپرستی کے بغیر ترقی نہیں کرسکتا اور سپانسر کو کرکٹ کی طرح دوسرے کھیلوں پر بھی توجہ دینی چاہئے، انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان خود بھی ایک کھلاڑی تھے ان پر کھلاڑیوں کو بہت سی امیدیں وابستہ ہیں، عمران خان کھیلوں کی ترقی کے لئے گراس روٹ سطح پر اقدامات اٹھائیں گے۔

وقت اشاعت : 05/12/2020 - 15:00:40

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :