ویرات کوہلی کے کیچ چھوڑنے پر سٹورٹ براڈ کو پاکستان کیخلاف کھیلا گیا ٹیسٹ یاد آگیا

برطانوی فاسٹ بائولر نے تیسرے ٹیسٹ میں اظہر علی کا کیچ ڈراپ کرنے کے بعد تھرو مار کر محمد عباس کو رن آئوٹ کیا تھا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 8 دسمبر 2020 12:12

ویرات کوہلی کے کیچ چھوڑنے پر سٹورٹ براڈ کو پاکستان کیخلاف کھیلا گیا ٹیسٹ یاد آگیا
سڈنی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 8 دسمبر2020ء) آسٹریلیا کیخلاف دوسرے ٹی ٹونٹی میں بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کی جانب سے میتھیو ویڈ کا کیچ چھوڑنے پر انگلینڈ کے فاسٹ بولر سٹورٹ براڈ نے اپنے ساتھی جیمز اینڈرسن کو ماضی یاد کروادیا۔ سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے مقابلے میں ویرات کوہلی نے میتھیو ویڈ کا انتہائی آسان کیچ چھوڑا تاہم بروقت تھرو کرکے انھیں رن آؤٹ کردیا۔

کرکٹ آسٹریلیا کے ٹوئٹر ہینڈل سے اس ویڈیو کو اپنے اکائونٹ پر شیئر کیا گیا جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔
اس ویڈیو پر انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے 34 سالہ فاسٹ بولر سٹورٹ براڈ نے بھی اپنے تاثرات کا اظہار کرنے کے لیے دلچسپ انداز اپنایا۔ انھوں نے ساتھی فاسٹ بائولر جیمز اینڈرسن کو ٹیگ کرتے ہوئے اسی طرح کا ایک واقعہ انھیں یاد کروایا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ جس طرح کوہلی نے کیچ ڈراپ کرکے مخالف ٹیم کے کھلاڑی کو آؤٹ کیا بالکل اسی طرح سٹورٹ براڈ نے بھی کیچ چھوڑنے کے باوجود رن آؤٹ کردیا تھا۔ یہ واقعہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان حالیہ ٹیسٹ سیریز کے تیسرے میچ کے دوران پیش آیا جب جیمز اینڈرسن 29 ویں مرتبہ ایک اننگ میں 5 وکٹیں لینے سے ایک وکٹ دور تھے۔ اینڈرسن کی گیند پر براڈ نے مڈ آن کی پوزیشن پر اس وقت کے پاکستانی کپتان اظہر علی کا ایک آسان کیچ گرادیا تاہم فوراً گیند اٹھا کر وکٹوں کی جانب پھینکی جو سٹمپس پر جا لگی اور محمد عباس رن آؤٹ ہوگئے۔

اس وکٹ کے ملنے پر کوئی برطانوی کھلاڑی خوش دکھائی نہیں دے رہا تھا کیوں کہ شاید تمام کھلاڑی اینڈرسن کے وکٹ نہ لینے پر افسردہ تھے۔
وقت اشاعت : 08/12/2020 - 12:12:09

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :