کورونا کا خوف،غیرملکی ٹیمیں جنوبی افریقہ جانے سے کترانے لگیں

آسٹریلیا نے پروٹیز سے اوے سیریز اپنے ملک میں کھیلنے کی تجویز دیدی،سری لنکا کا بھی دورہ منسوخ کرنے پرغور

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 10 دسمبر 2020 11:20

کورونا کا خوف،غیرملکی ٹیمیں جنوبی افریقہ جانے سے کترانے لگیں
سڈنی / کولمبو (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 10 دسمبر 2020ء ) کورونا کے خوف کے باعث غیرملکی ٹیمیں جنوبی افریقہ جانے سے ڈرنے لگیں ،آسٹریلیا نے پروٹیز کیخلاف اوے سیریز اپنے ملک میں کھیلنے کی تجویز دیدی۔ تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کی جانب سے کورونا وائرس کے خوف سے دورہ جنوبی افریقہ ادھورا چھوڑنے کے بعد دیگرغیرملکی ٹیمیں بھی اب جنوبی افریقہ کا رخ کرنے سے گھبرانے لگی ہیں، آسٹریلیا کو3 ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لیے 14 فروری سے 13 مارچ تک پروٹیز کے دیس جانا ہے مگر اس نے اب اوے سیریز پرتھ میں کروانے کی تجویز دے دی ہے ۔

انگلینڈ کا دورہ ختم ہونے بعد دونوں کرکٹ بورڈز رابطے میں ہیں اور صورتحال کا جائزہ لیا جارہا ہے، دونوں کرکٹ بورڈز کے پاس نیوٹرل وینیو کے طور پر متحدہ عرب امارات کا آپشن بھی موجود تھا مگر چونکہ آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کی کنڈیشنز ایک جیسی اور فاسٹ اور باؤنسی ٹریکس ہوتے ہیں اس لیے آسٹریلیا نے اپنے ہی ملک میں سیریز کی تجویز دی ہے، پرتھ کے میدان کا انتخاب ویسٹرن ٹائم زون کی وجہ سے کیا گیا کیوں کہ اگر یہاں ڈے نائٹ ٹیسٹ ہوا تب جنوبی افریقہ میں اس وقت صبح 8سے9 بجے کا وقت ہوگا۔

(جاری ہے)

آسٹریلیا میں میچز ہونے کی صورت میں بھی براڈ کاسٹنگ اور دیگر آمدنی جنوبی افریقی کرکٹ بورڈ کو ملے گی تاہم اس حوالے سے ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ دوسری طرف سری لنکن ٹیم نے بھی دسمبر کے وسط میں جنوبی افریقہ جانا ہے جہاں وہ باکسنگ ڈے اور نیوایئر کی صورت میں 2 ٹیسٹ میچز کھیلے گی، موجودہ صورتحال کے پیش نظر آئی لینڈرز نے بھی پروٹیز کے دیس کا دورہ منسوخ کرنے پر غور شروع کردیا ہے،گذشتہ روز سری لنکا کی میڈیکل ٹیم جنوبی افریقی حکام کیساتھ رابطے میں رہی۔

ٹیم فزیشن ڈاکٹر دامندا اتیانائیکے نے کہا کہ ہم نے جنوبی افریقی حکام سے بائیوسیکیور ماحول کے بارے میں بات کی اور تفصیل مانگنے کے ساتھ ساتھ اپنی تجاویز بھی دی ہیں، بات چیت کا ایک اور راؤنڈ ہونا ہے جس کے بعد ہم اپنی سفارشات کرکٹ بورڈ کو دیں گے۔ سری لنکن کرکٹ بورڈ کے ذرائع نے واضح کیا ہے کہ دورے کا فیصلہ میڈیکل ٹیم کی رپورٹ پر کیا جائے گا۔
وقت اشاعت : 10/12/2020 - 11:20:53

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :