ویرات کوہلی سے بھارتی ٹی ٹونٹی ٹیم کی کپتانی واپس لینے کی آوازیں بلند ہونے لگیں

ٹی ٹونٹی فارمیٹ کی کپتان ویرات کوہلی سے لیکر روہت شرما کو دینے میں کوئی مضائقہ نہیں ہوگا:پارتھو پٹیل

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 10 دسمبر 2020 14:52

ویرات کوہلی سے بھارتی ٹی ٹونٹی ٹیم کی کپتانی واپس لینے کی آوازیں بلند ہونے لگیں
ممبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 10 دسمبر 2020ء ) ویرات کوہلی کی جگہ روہت شرما کو آئندہ سال ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سے قبل بھارتی ٹیم کی کپتانی دینے کی بحث زور پکڑنے لگی ۔ آئی پی ایل میں ممبئی انڈینز کو ٹائٹل جتوانے والے روہت شرما کے حق میں اب بھارت سے آوازیں منتقل ہونے لگی ہیں ۔ آواز اٹھانے والوں میں سابق بھارتی وکٹ کیپر بلے باز پارتھیو پٹیل ہیں جنہوں نے خیال ظاہر کیا ہے بھارتی ٹی ٹونٹی ٹیم کی قیادت روہت شرما کے حوالے کرنے کا وقت آگیا ہے۔

حال ہی میں پروفیشنل کرکٹ کو خیرباد کہنے والے پارتھو پٹیل کا کہنا تھا کہ ایک فارمیٹ کی کپتان ویرات کوہلی سے لے کر روہت شرما کو دینے میں کوئی مضائقہ نہیں ہوگا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر روہت شرما فٹ ہیں تو انہیں مختصر ترین فارمیٹ کی کپتانی سونپنے کا وقت آگیا ہے۔

(جاری ہے)

35 سالہ سابق بھارتی وکٹ کیپر نے کہا کہ روہت شرما نے آئی پی ایل میں اپنی کپتانی کے ذریعے ہمیں ٹیم بنانے اور اگلے سال بھارت ہی میں شیڈول ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کا ٹائٹل جیتنے کا طریقہ سمجھا دیا ہے، ایک فارمیٹ کی کپتانی روہت شرما کو دینے سے ویرات کوہلی سے قیادت کا بوجھ بھی کم ہوجائے گا۔

پارتھو پٹیل نے بھارتی ٹی ٹونٹی ٹیم کی کپتان ویرات کوہلی سے لے کر کسی اور کو دینے کی بحث ہونے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ یہ بحث اس لیے ہورہی ہے کیوں کہ بھارتی ٹیم کے پاس ایک اور آپشن بھی آگیا ہے۔ پارتھو پٹیل کا مزید کہنا تھا کہ ٹی ٹونٹی ٹیم کی کپتانی کی بحث میں یہ بھی خیال رکھا جائے کہ روہت شرما اور ویرات کوہلی کے مابین دشمنی نہ پیدا ہوجائے ۔
وقت اشاعت : 10/12/2020 - 14:52:16

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :