پاکستان کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے نیوزی لینڈ کی ٹیم کا اعلان

‏سینئر بیٹسمین ٹیلر جگہ نہ بنا سکے،کپتان کین ولیمسن نجی وجوہات کی بنا پر پہلے میچ میں شرکت نہیں کریںگے،ٹرینٹ بولٹ کی واپسی ،گلین فلپس اور ڈیوڈ کونوے سکواڈ میں برقرار

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 12 دسمبر 2020 11:10

پاکستان کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے نیوزی لینڈ کی ٹیم کا اعلان
کرائسٹ چرچ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 12 دسمبر 2020ء ) نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے ٹیم کا اعلان کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف 18 دسمبر سے شروع ہونے والی ہوم ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے ٹیم کا اعلان کردیا ہے،کپتان کین ولیمسن پہلے بچے کی ممکنہ پیدائش کے پیش نظر پہلے ٹی ٹونٹی میں شرکت نہیں کریں گے، 3 میچوں کی سیریز کے پہلے مقابلے میں لیفٹ آرم سپنر مچل سینٹنر جب کہ دوسرے اور تیسرے ٹی ٹونٹی میں کین ولیمسن کپتان ہوں گے۔

کیویز سکواڈ میں مارٹن گپٹل، سکاٹ کگلین، گلین فلپس، اش سوڈھی، ٹم سائیفرٹ، ٹوڈ ایسٹل، ڈوگ بریسویل، مارک چیپمین، ڈیون کانوے، جیکب ڈفی اور بلیئر ٹکنر شامل ہیں۔ سابق کپتان روس ٹیلر کو ٹیم سے ڈراپ کردیا گیا ہے جب کہ لوکی فرگوسن اور ہمیش بینیٹ ان فٹ ہونے کی وجہ سے کیوی ٹیم میں جگہ نہیں بنا پائے جب کہ ٹرینٹ بولٹ، ٹم سائوتھی ، کائل جیمی سن اور ڈیرل مچل ویسٹ انڈیز کے ٹیسٹ میچ کی وجہ سے پاکستان کے خلاف پہلے ٹی ٹونٹی مقابلے میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹی 20 اور پھر ون ڈے میچز کی سیریز کھیلی جائے گی، پہلا ٹی ٹونٹی میچ 18 دسمبرکو آکلینڈ جب کہ دوسرا ٹی ٹونٹی میچ 20 دسمبرکو ہیملٹن اور تیسرا ٹی ٹونٹی میچ 22 دسمبر کو نیپئر میں کھیلا جائے گا جس کے بعد 2 ٹیسٹ میچیز کی سیریز شیڈول ہے۔
وقت اشاعت : 12/12/2020 - 11:10:50

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :