ٹی ٹونٹی سیریز،محمد رضوان اور عبد اللہ شفیق کو اوپننگ کی ذمہ داری دیئے جانیکا امکان

پاکستان شاہینز کے سکواڈ میں شامل ذیشان ملک کو ضرورت پڑنے پر حتمی الیون میں موقع مل سکتا ہے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 14 دسمبر 2020 16:27

ٹی ٹونٹی سیریز،محمد رضوان اور عبد اللہ شفیق کو اوپننگ کی ذمہ داری دیئے جانیکا امکان
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 14 دسمبر 2020ء ) نیوزی لینڈ کیخلاف آئندہ تین میچوں کی ٹی ٹونٹی سیریز کے دوران وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان اور نوجوان بلے باز عبد اللہ شفیق کو اوپننگ کی ذمہ داری دیئے جانیکا امکان ہے ۔ تفصیلات کے مطابق انگوٹھا فریکچر ہونے کے سبب بابراعظم نیوزی لینڈ کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز سے باہر ہوچکے ہیں جب کہ نائب کپتان شاداب خان بھی مکمل طور پر فٹ نہیں ہیں اور ہیڈ کوچ مصباح الحق بھی کہ چکے ہیں کہ شاداب خان کی فٹنس پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائیگا،اگر شاداب پہلے ٹی ٹونٹی سے قبل مکمل طور پر فٹ نہ ہوسکے تو قومی ٹیم کو نئے ٹی ٹونٹی کپتان کی ضروت پڑے گی، ذرائع کے مطابق وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان، کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم اور سابق کپتان محمد حفیظ میں سے کسی ایک کو یہ ذمہ داری سونپنے پر غور جاری ہے۔

(جاری ہے)

ٹیم مینجمنٹ اب بھی پرامید ہے کہ شاداب خان پہلے ٹی ٹونٹی کیلئے دستیاب ہوںگے لیکن پلان بی کے تحت متبادل کپتان کا بھی سوچا جارہا ہے، محمد رضوان کی قیادت میں خیبر پختونخوا نے رواں سال نیشنل ٹی ٹوٹنی کا ٹائٹنل جیتا ہے اسلئے انہیں فیورٹ قرار دیا جارہا ہے ، عمادوسیم کی قیادت میں کراچی کنگز پی ایس ایل 5 کی چیمپئن بنی ہے۔ محمد حفیظ کی ہیڈ کوچ مصباح الحق سے خاصی دوستی ہے لیکن پی سی بی کے ساتھ ان کے تعلقات ٹھیک نہیں ہیں۔

کئی حلقوں میں سابق کپتان سرفراز احمد کا نام بھی زیر گردش ہے۔ دوسری جانب قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کی عدم موجودگی میں اب پاکستانی ٹیم کو نئے اوپنر کی تلاش ہوگی، فخر زمان پہلے ہی بخار کے باعث سیریز سے باہر ہوگئے تھے اور یوں اب کیویز کیخلاف نیا اوپننگ پیئر اننگز کا آغاز کرے گا ، ذرائع نے بتایا کہ بابراعظم کا انگوٹھا زخمی ہونے سے قبل ہی وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان سے اننگز کا آغاز کرانے کا پلان بن چکا تھا اور اب بابر کی انجری کے بعد ان کے ممکنہ ساتھی عبداللہ شفیق ہوں گے، پاکستان شاہینز کے سکواڈ میں شامل ذیشان ملک نے سینئر ٹیم کے پریکٹس میچ میں برق رفتار نصف سنچری بنا کر ٹیم مینجمنٹ کی توجہ اپنی جانب مبذول کرائی ہے ، وہ ٹی ٹونٹی سکواڈ میں شامل تو نہیں ہیں لیکن ضرورت پڑنے پر انھیں حتمی الیون میں شامل کیا جاسکتا ہے۔

وقت اشاعت : 14/12/2020 - 16:27:06

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :