بنگلہ بدھو کپ،مشفیق الرحیم ساتھی کرکٹرپرآگ بگولہ، گیند مارنے کا اشارہ

وکٹ کیپر کے غصے کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل،شائقین کرکٹ کی مشفیق الرحیم پر شدید تنقید

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 15 دسمبر 2020 11:07

بنگلہ بدھو کپ،مشفیق الرحیم ساتھی کرکٹرپرآگ بگولہ، گیند مارنے کا اشارہ
ڈھاکہ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 15 دسمبر 2020ء ) بنگلہ دیشی ڈومیسٹک ٹی ٹونٹی ایونٹ بنگلہ بدھو کپ کے دوران بنگلہ دیشی وکٹ کیپر بلے باز اور سابق کپتان مشفیق الرحیم اپنے ہی ساتھی کھلاڑی پر غصہ ہوگئے اور انہیں گیند مارنے کا اشارہ بھی کیا۔ ڈھاکا کے کپتان مشفیق اپنے ساتھی کھلاڑی نسیم احمد پر 2 مرتبہ برہم ہوئے، ایک بار جب لیفٹ آرم سپنر کو حریف سائیڈ بریشل کے بیٹسمین عفیف حسین نے چھکا جڑا اور اگلی گیند پر سنگل لے لیا، گیند کو روکنے کے لئے مشفیق اور نسیم اکٹھے دوڑے اور آپس میں ٹکرا گئے۔

اس موقع پر مشفیق نے غصے میں آکر اپنے سے لمبے بائولر کو مکا جڑنے کا اشارہ کیا۔ دوسرا واقعہ 17 ویں اوور میں ہوا جب شفیق کی گیند پر عفیف نے شاٹ کھیلنے کی کوشش کی تاہم گیند ٹاپ ایج ہوا ، نسیم شارٹ فائن لیگ پوزیشن سے کیچ تھامنے کیلیے دوڑے اور وکٹ کیپر مشفیق بھی دوسری طرف سے بھاگے اور ان کو دور رہنے کا اشارہ کیا مگر وہ اسی سمت دوڑتے گئے۔

(جاری ہے)

اگرچہ وہ اس بار مشفیق سے ٹکرنے سے بال بال بچے جنھوں نے کیچ تو تھام لیا مگر غصے میں گیند ان کو مارنے کا اشارہ بھی کیا، ان کے غصے کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکی ہیں۔
مشفیق کے اس رویے پر انہیں شائقین کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے، شائقین کا کہنا ہے کہ سینئر کھلاڑی ہونے کے باوجود وکٹ کیپر کا نوجوان سے اس قسم کا رویہ اختیار کرنا اچھی بات نہیں ہے۔ایک اور صارف نے مشفیق الرحیم کو پرسکون رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ’کیا یہ چھوٹو ہے‘۔
وقت اشاعت : 15/12/2020 - 11:07:01

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :