کولن ڈی گرینڈ ہوم پاکستان کیخلاف ٹیسٹ سیریز سے باہر

کین ولیمسن کے گھر پہلے بچے کی پیدائش کسی بھی وقت متوقع ،پاکستان کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز بھی مشکوک ہے:ہیڈ کوچ گیری سٹیڈ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 15 دسمبر 2020 14:36

کولن ڈی گرینڈ ہوم پاکستان کیخلاف ٹیسٹ سیریز سے باہر
آکلینڈ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 15 دسمبر 2020ء ) نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گیری سٹیڈ کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کے آل راؤنڈر کولن ڈی گرینڈ ھوم پاکستان کیخلاف 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز سے باہر ہوگئے ہیں تاہم انہیں امید ہے کہ لیفٹ آرم سپنر اعجاز پٹیل سلیکشن کے لیے دستیاب ہوں گے۔ مذکورہ دونوں کھلاڑی ویسٹ انڈیز کے خلاف 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لیے بھی کیوی ٹیم کا بھی حصہ نہیں تھے ۔

گیری سٹیڈ نے منگل کے روز ویلنگٹن میں میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ ڈی گرینڈ ہوم کے دائیں پائوں میں کھنچائو ہے، وہ ابھی تک چلنے کے قابل بھی نہیں ہوئے کجا اس کے کہ بائولنگ کرسکیں،امید ہے کہ وہ جنوری کے وسط تک مکمل فٹنس حاصل کرلیں گے۔اعجاز پٹیل صحت یابی کے عرصے میں وانگاری میں نیوزی لینڈ اے ٹیم کے ساتھ وقت گزاریں گے۔

(جاری ہے)

گیری سٹیڈ کا کہنا تھا کہ انہیں امید ہے کہ اعجاز پٹیل پاکستان کیخلاف ٹیسٹ میچوں میں حصہ لیں گے ۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کپتان کین ولیمسن ویسٹ انڈیز کیخلاف دوسرے ٹیسٹ سے دستبردار ہونے کے بعد پاکستان کیخلاف دوسرے اور تیسرے ٹی ٹونٹی میچوں میں بھی اپنی حاملہ بیوی کے ساتھ رہیں گے کیوں کہ ولیمسن کے پہلے بچے کی کسی بھی وقت پیدائش متوقع ہے ۔ یاد رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین پہلا ٹی ٹونٹی 18 دسمبر کو آکلینڈ میں کھیلاجائے گا جس کے بعد دوسرا ٹی ٹونٹی اتوار کو ہیملٹن جبکہ تیسرا میچ نیپئر میں 22 دسمبر کو ہوگا۔ دونوں ٹیموں کے مابین پہلا ٹیسٹ 26 دسمبر کو ماؤنٹ مونگنئی میں شروع ہوگا۔
وقت اشاعت : 15/12/2020 - 14:36:24

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :