پہلا ٹی ٹونٹی، نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی

کیویز نے 154 رنز کا ہدف 19 ویں اوور میں حاصل کرلیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 18 دسمبر 2020 14:22

پہلا ٹی ٹونٹی، نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی
آکلینڈ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 18 دسمبر 2020ء ) تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کے پہلے مقابلے میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی ہے۔ ایڈن پارک ،آکلینڈ میں 154 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کے لیے گپٹل اور کونوے نے اننگز کا آغاز کیا،پاکستان کو پہلی کامیابی اس وقت حاصل ہوئی جب شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر کپتان شاداب خان نے خطرناک اوپننگ بلے باز مارٹن گپٹل کا بہترین کیچ لیا۔

اگلے اوور میں حارث رؤف نے پاکستان کو دوسری کامیابی دلاتے ہوئے ڈیون کونوے کو اپنی ہی گیند پر کیچ لیکر چلتا کردیا۔ 21 رنز پر 2 وکٹیں گرنے کے بعد ٹِم سائیفرٹ اور گلین فلپس نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کرتے ہوئے ٹیم کی نصف سنچری مکمل کرائی۔

(جاری ہے)

65 کے مجموعی سکور پر حارث رؤف نے پاکستان کو ایک اور کامیابی دلاتے ہوئے گلین فلپس کو پوویلین واپس بھیجا۔

ٹم سائیفرٹ نے اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ مارک چیپ مین کے ہمراہ 45 رنزکی پارٹنرشپ قائم کی ،شاہین شاہ آفریدی نے 57 رنز بنانیوالے بلے باز کی اننگز کا خاتمہ کیا۔ چیپ مین بھی 34 رنز بنا کر حارث رئوف کی فل ٹاس گیند پر ایل بی ڈبلیو آئوٹ ہوگئے،وہاب ریاض نے مشکل وقت میں ایک اور اوور میں 15 رنز دیکر میچ نیوزی لینڈ کی جھولی میں ڈال دیا اور ان کے اگلے اوور میں مچل سینٹنر نے چھکا لگا کر اپنی ٹیم کو 7 گیندوں قبل فتح سے ہمکنار کرا دیا۔

اس مقابلے میں کامیابی کے ساتھ نیوزی لینڈ نے 3 میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔ اس سے قبل پاکستان نے اننگز کا آغاز کیا تو دوسرے ہی اوور میں نوجوان بلے باز عبداللہ شفیق بغیر کوئی رن بنا ئے پویلین لوٹ گئے،کپتان محمد رضوان 17 رنز بنا کر کیچ آئوٹ ہوئے جبکہ محمد حفیظ بغیر کوئی رن بنائے اور حیدر علی 3 رنز بنا کر پوویلین لوٹے،خوشدل شاہ 16 رنز بنا کر اش سوڈھی کا شکار بنے،اس موقع پر شاداب کا ساتھ دینے عماد وسیم آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے مل کر سکور کو 79 تک پہنچا دیا لیکن اس مرحلے پر کگلیجن نے اپنی ٹیم کو چھٹی کامیابی دلاتے ہوئے عماد کی 19رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا،شاداب خان 42 کی عمدہ باری کھیل کر آئوٹ ہوئے،وہاب ریاض 9 رنز بنا کر کگلیجن کا تیسرا شکار بنے،اختتامی اوورز میں فہیم اشرف نے جارحانہ کا بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 18 گیندوں پر 31 رنز بنائے جس کی بدولت قومی ٹیم 150 رنز کا ہندسہ پار کرپائی ۔

پاکستان نے مقررہ اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر 153 رنز بنائے، نیوزی لینڈ کی جانب سے ڈفی نے 4 اور کگلیجن نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل آکلینڈ میں کھیلے جا رہے سیریز کے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں قومی ٹیم کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر بلے بازوں کو آزمانے کا فیصلہ کیا تھا۔ شاداب خان نے کہا کہ یہ ایک اچھی پچ لگ رہی ہے اور ہم سکور بورڈ پر اچھا مجموعہ سجانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے قومی ٹیم کی قیادت کو اپنے اور اپنے اہلخانہ کے لیے باعث فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ بابر کی کمی یقیناً محسوس کریں گے لیکن یہ دیگر کھلاڑیوں کے لیے آگے آنے کا بہترین موقع ہے۔ واضح رہے کہ انگوٹھے میں فریکچر کے سبب قومی ٹیم ٹی ٹونٹی سیریز میں بابر اعظم کی خدمات سے محروم ہو گئی ہے۔ سابق کپتان سرفراز احمد ٹیم کا حصہ نہیں ہیں اور ان کی جگہ محمد رضوان کو ترجیح دی گئی ہے۔

میچ کے لیے پاکستانی ٹیم میں شاداب خان(کپتان)، محمد رضوان، عبدالہ شفیق، حیدر علی، محمد حفیظ، خوشدل شاہ، عماد وسیم، فہیم اشرف، وہاب ریاض، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف شامل ہیں جب کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم مچل سینٹنر(کپتان)، مارٹن گپٹل، ٹم سیفرٹ، ڈیون کونوے، گلین فلپس، جیمز نیشا، مارک چیپ مین، اسکاٹ کلیگلین، اش سودھی، جیکب ڈفی اور بلیئر ٹکرپر مشتمل ہے۔
وقت اشاعت : 18/12/2020 - 14:22:16

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :