بھارت نے 118 سال پرانا بدترین ریکارڈ برابر کردیا

ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں کوہلی الیون 36 رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 19 دسمبر 2020 11:32

بھارت نے 118 سال پرانا بدترین ریکارڈ برابر کردیا
ایڈیلیڈ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 19 دسمبر 2020ء ) ہفتہ کے روز ایڈیلیڈ اوول میں آسٹریلیا کے خلاف ڈے نائٹ پہلے ٹیسٹ کے تیسرے دن کے ابتدائی سیشن میں بھارتی ٹیم محض 36 رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئی،یہ بھارت کا اس کی ٹیسٹ کرکٹ کی 88 سالہ تاریخ کا کم ترین سکور ہے۔ میزبان ٹیم نے 9 رنز ایک وکٹ کے نقصان پر آج کھیل کا آغاز کیا اور محمد شامی کے ریٹائر ہونے سے پہلے صرف 27 رنز کا اضافہ کر کے اپنی دوسری اننگز کا خاتمہ کیا، بھارتی کپتان کوہلی سمیت پوری ٹیم میں سے کوئی بھی بلے باز ڈبل فیگرمیں داخل نہ ہو سکا۔

آسٹریلیا کو چار میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرنے کے لئے صرف 90 کی ضرورت تھی۔ فاسٹ بائولر جوش ہیزل ووڈ نے 8 رنز کے عوض 5 اور پیٹ کمنز نے 21 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا،2 سال قبل آسٹریلیا میں اپنی پہلی ٹیسٹ سیریز کی فتح کو دہرانے کی ہندوستان کی امیدوں کو بھاری دھچکا لگا۔

(جاری ہے)

بھارتی ٹیم 1974ء میں انگلینڈ کے خلاف 42 رنز پر آؤٹ ہوئی تھی۔ بھارت نے ٹیسٹ کرکٹ کا 118 سال پرانا ریکارڈ بھی برابرکردیا ہے، اس سے قبل مئی 1902ء میں آسٹریلیا کی ٹیم انگلینڈ کے خلاف ایشیز ٹیسٹ میں برمنگھم کے مقام پر 36 رنز بنا کر پوویلین لوٹی تھی۔                                                                                                     
وقت اشاعت : 19/12/2020 - 11:32:52

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :