الکوحل کے بغیر جیت کا جشن، لیورپول نے سالوں پرانی روایت بدل ڈالی

محمد صلاح اور مانے کی وجہ سے فتح کا جشن الکوحل کے بغیر مشروب کے ساتھ منایا گیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 21 دسمبر 2020 17:00

الکوحل کے بغیر جیت کا جشن، لیورپول نے سالوں پرانی روایت بدل ڈالی
لندن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 21 دسمبر 2020ء ) انگلش فٹبال کلب لیورپول نے مسلمان کھلاڑیوں کے مذہبی جذبات کا احترام کرتے ہوئے سالوں پرانی روایت بدلتے ہوئے پریمئیر لیگ میں کامیابی کا جشن شراب کے بغیرمنایا ۔ کپتان جورڈن ہینڈرسن نے انکشاف کیا کہ مصری فٹ بالر محمد صلاح اور سادیو مانے کی وجہ سے فتح کا جشن الکوحل کے بغیر مشروب کے ساتھ منایا گیا، انگلش پریمیئرلیگ میں فتح کے بعد مسلم کھلاڑیوں کے مذہبی جذبات کا احترام کرتے ہوئے جشن میں شراب استعمال نہیں کی گئی۔

(جاری ہے)

لیورپول فٹبال کلب نے 30 سال بعد جون 2020ء میں پہلا انگلش ٹائٹل جیتا تھا۔ کپتان ہینڈرسن ایک انٹرویو میں بتایا کہ ٹیم کے فتح کے جشن میں سٹیج پر جو شیمپین استعمال کی گئی اس میں الکوحل نہیں تھی۔ اس سے قبل ستمبر میں ایسیکس کے کپتان ٹام ویسلی نے کائونٹی چیمپئن شپ جیتنے کے بعد جشن کے دوران ایک مسلمان کھلاڑی فیروز خوشلی پر الکوحل ڈالے جانے کے بعد معافی مانگی تھی۔ واضح رہے کہ اس سے پہلے انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے 2019ء کے ورلڈ کپ میں فتح کا جشن لیگ سپنر عادل رشید اور آل رائونڈر معین علی کی موجودگی میں شراب کے بغیر منایا تھا، دونوں کھلاڑیوں کے سٹیج سے جانے کے بعد شیمپئن استعمال کی گئی۔                                    
وقت اشاعت : 21/12/2020 - 17:00:03

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :