محمد رضوان کو ٹیسٹ سیریز کے آغاز سے قبل ہی سپر سٹار بابراعظم کی کمی محسوس ہونے لگی

اس وقت باؤلرز اور بیٹسمین دونوں اچھے ردھم میں لگ رہے ہیں: قائم مقام ٹیسٹ کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 24 دسمبر 2020 16:12

محمد رضوان کو ٹیسٹ سیریز کے آغاز سے قبل ہی سپر سٹار بابراعظم کی کمی محسوس ہونے لگی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 24 دسمبر 2020ء ) ہفتے سے شیڈول پہلے ٹیسٹ کے لیے کپتان بننے والے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے قومی ٹیسٹ ٹیم کو ٹی ٹونٹی ٹیم سے زیادہ مضبوط قرار دے دیا ہے ۔ پی سی بی کی طرف سے جاری کردہ ویڈیو لنک بیان میں محمد رضوان کا کہنا تھا کہ ٹیم کو اس اہم میچ میں اپنے اہم ترین بلے بابراعظم کی کمی ضرور محسوس ہوگی، کھلاڑیوں نے 4 گھنٹے سے زیادہ پریکٹس کی ہے ، بائولرز اور بلے باز دونوں ہی بہت اچھے ردھم میں لگ رہے ہیں ، نیوزی لینڈ اے کے خلاف پاکستان شاہینز کی کامیابی کے بعد کھلاڑیوں کے حوصلے اور بھی بلند ہوگئے ہیں۔

محمد رضوان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارا ٹیسٹ سکواڈ ٹی ٹونٹی کی نسبت زیادہ تجربہ کارہے، نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے شان مسعود، اظہر علی، فواد عالم اور حارث سہیل جیسے بیٹسمین دستیاب ہیں جب کہ محمد عباس، یاسر شاہ اور شاہین شاہ آفریدی جیسے ٹیسٹ باؤلرز بھی موجود ہیں۔

(جاری ہے)

محمد رضوان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کو اپنے اہم ترین بلے باز بابراعظم کی کمی ضرور محسوس ہوگی، انجری کے باوجود بابراعظم جس طرح سے ٹریننگ سیشنز میں موجود رہتے ہیں وہ قابل ستائش ہے، بابراعظم زخمی ہونے کے باوجود باہر بیٹھ کر بھی ہر بیٹسمین کے ساتھ اپنا تجربہ شیئر کررہے ہیں۔

محمد رضوان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نیوزی لینڈ کے ساتھ اچھا مقابلہ دیکھنے کا موقع ملے گا، ہم محنت پوری کریں گے لیکن نتائج اللہ کے ہاتھ میں ہیں۔
وقت اشاعت : 24/12/2020 - 16:12:37

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :