دہائی کی بہترین ٹیمیں، تینوں فارمیٹس میں ایک بھی پاکستانی کھلاڑی شامل نہیں

ٹی ٹونٹی ٹیم میں کرس گیل، گلین میکسویل، لیستھ ملنگا، اے بی ڈویلیئرز، کیرون پولارڈ اور فنچ شامل

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 27 دسمبر 2020 15:40

دہائی کی بہترین ٹیمیں، تینوں فارمیٹس میں ایک بھی پاکستانی کھلاڑی شامل نہیں
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 27 دسمبر 2020ء ) آئی سی سی نے تینوں فارمیٹس میں دہائی کی ٹیمیں منتخب کی ہے تاہم ان ٹیموں میں کوئی پاکستانی کھلاڑی شامل نہیں ہوسکا۔ آئی سی سی کی جانب سے اعلان کردہ ون ڈے ’ ٹیم آف دی ڈیکیڈ ‘ میں تین بھارتی کرکٹر جگہ بنانے میں کامیاب رہے ہیں جبکہ آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے 2، 2 کھلاڑی ٹیم کا حصہ بنے، سری لنکا، بنگلہ دیش، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے 1، 1 کھلاڑی دہائی کی ون ڈے ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے۔

ٹیم آف دی ڈیکیڈ کے لیے پاکستان کے مصباح الحق، سعید اجمل اور محمد حفیظ کو نامزد کیا گیا تھا ۔ آئی سی سی کی اعلان کردہ دہائی کی ون ڈے ٹیم میں کپتان سابق بھارتی وکٹ کیپر بلے باز ایم ایس دھونی ہیں جبکہ ان کے علاوہ ویرات کوہلی اور روہت شرما بھی شامل ہیں، آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر، مچل سٹارک جبکہ جنوبی افریقہ کے اے بی ڈویلیئرز اور عمران طاہر بھی اس ٹیم کا حصہ ہیں، بنگلہ دیش کے شکیب الحسن، سری لنکا کے لاستھ ملنگا، نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ اور انگلینڈ کے بین سٹوکس بھی ون ڈے ٹیم میں شامل ہوئے ۔

(جاری ہے)

آئی سی سی کی ٹیسٹ اور ٹی ٹونٹی ٹیمز آف دی ڈیکیڈ میں بھی کسی پاکستانی کھلاڑی کو شامل نہ کیا گیا۔ ٹیسٹ ٹیم کے کھلاڑیوں میں انگلینڈ کے 4 ، بھارت کے 2 کھلاڑیوں کو لیا گیا ۔ ٹیسٹ ٹیم کے کھلاڑیوں میں ایلسٹر کک، جیمز اینڈرسن، سٹورٹ براڈ، بین سٹوکس، ڈیوڈ وارنر، کین ولیمسن، ویرات کوہلی، روی چندرن ایشون، ڈیل سٹٰین، سٹیو سمتھ اور کمار سنگاکارا شامل ہیں۔

ٹی ٹونٹی ٹیم آف دی ڈیکیڈ میں بھی بھارت کے ایم ایس دھونی کپتان ہیں جبکہ ان کے ساتھ جسپرت بمراہ، ویرات کوہلی اور روہت شرما اس ٹیم کا حصہ ہیں۔ ٹیم میں افغانستان کے راشد خان بھی جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے، کرس گیل، گلین میکسول، لاستھ مالنگا، اے بی ڈویلیئرز، کیرون پولارڈ اور ایرن فنچ بھی ٹیم میں شامل ہیں۔
ٹویٹر صارفین نے تینوں فارمیٹس کی ٹیموں میں ایک بھی پاکستانی کھلاڑی کے منتخب نہ ہونے پر آئی سی سی پر شدید تنقید کی۔
وقت اشاعت : 27/12/2020 - 15:40:42

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :