بھارت کی 300 ملین ڈالرز کی سیریز دائو پر لگ گئی، کھلاڑیوں کی بائیو سیکیور ببل توڑ کر میلبورن ہوٹل میں عیاشی

قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں میں روہت شرما، رشبھ پانٹ، شبمان گل، نودیپ سائنی اور پرتھوی شا شامل

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 2 جنوری 2021 16:55

بھارت کی 300 ملین ڈالرز کی سیریز دائو پر لگ گئی، کھلاڑیوں کی بائیو سیکیور ببل توڑ کر میلبورن ہوٹل میں عیاشی
میلبورن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 2 جنوری 2021ء ) ایک طرف سڈنی میں کورونا کے بڑھتے کیسز کی وجہ سے ٹیسٹ میچ کا انعقاد مشکل لگ رہا تھا کیونکہ کورونا کیسز کی وجہ سے بارڈرز سیل کردیئے گئے تھے جس کے بعد کرکٹ آسٹریلیا اور ریاست نیوسائوتھ ویلز کی حکومت کے درمیان مذاکرات کے بعد سڈنی میں بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے تیسرے مقابلے کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا جو 7 جنوری سے شروع ہونا ہے۔

میلبورن ٹیسٹ جیتنے والی بھارتی ٹیم کو 4 جنوری سے قبل سڈنی نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ ہفتے کو کرکٹ آسٹریلیا کو نہایت تشویشناک اطلاعات موصول ہوئیں کہ بھارتی کھلاڑیوں نے 300 ملین ڈالرزکی سیریز دائو پر لگاتے ہوئے ایسی غلطی کی جو اگر پاکستانی ٹیم نے کی ہوتی تو شاید اب تک اسے وطن واپس بھی روانہ کردیا گیا ہوتا۔

(جاری ہے)

میلبورن میں متعدد بھارتی کرکٹرز کرکٹ آسٹریلیا کے بائیوسیکیور ببل قوانین توڑ کر ریسٹورینٹ میں کھانا کھاتے دیکھے گئے ،ان کھلاڑیوں میں حال ہی میں ٹیم کو جوائن کرنیوالے روہت شرما، رشبھ پانٹ، شبمان گل، نودیپ سائنی اور پرتھوی شا شامل تھے۔

میلبورن کے مقامی شاپنگ مال میں واقع ریسٹورینٹ مالکان نے بھی اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ نئے سال کی خوشی میں بھارتی کرکٹرز کا ایک گروپ ہوٹل آیا جس نے یہاں اوپن ماحول میں خوب ہلہ گلہ کیا۔ سب سے دلچسپ بات یہ ہے کہ بھارتی کھلاڑیوں کی اس حرکت کا بھانڈا بھی ایک بھارتی فین نے پھوڑا،
مذکورہ صارف نے سوشل میڈیا پر تصویر شیئر کرکے لکھا کہ ’میں نے ان کھلاڑیوں کے کھانے کا 118 ڈالرز کا بل ادا کیا ہے‘۔
بھارتی کرکٹ بورڈ نے واقعہ کی تحقیات شروع کردی ہیں لیکن کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سےابھی تک کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔ یاد رہے کہ بھارت اور آسٹریلیا کی ٹیسٹ سیریز 1-1 سے برابر ہے۔
وقت اشاعت : 02/01/2021 - 16:55:58

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :