ڈیوڈ ملر ، راشد خان ، کرس گیل پی ایس ایل 2021ء پلاٹینم روسٹر کا حصہ

فروری ،مارچ میں انٹرنینشل کیلینڈر کی مصروفیت کے باعث کچھ غیر ملکی کھلاڑی صرف جزوی طور پر مقابلے کیلئے دستیاب ہوںگے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 5 جنوری 2021 14:53

ڈیوڈ ملر ، راشد خان ، کرس گیل پی ایس ایل 2021ء پلاٹینم روسٹر کا حصہ
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 5 جنوری 2021ء ) کرس گیل ، کرس لین ، راشد خان اور ڈیل سٹین نے پی ایس ایل 6 کے لیے دستیابی ظاہر کردی ہے ۔ یہ کھلاڑی 10 جنوری کو لاہور میں ہونیوالے پی ایس ایل پلیئر ڈرافٹ سے قبل غیر ملکی کھلاڑیوں کے 25 رکنی پلیٹینم روسٹر کا حصہ ہیں۔ اب چھ فرنچائزز ڈرافٹ سے پہلے ریٹینشن اور ٹریڈ کے فیصلے کریں گی جب کہ ہر ٹیم کو ڈرافٹ سے قبل 8 کھلاڑیوں کو برقرار رکھنے کی اجازت ہوگی۔

اس سال فروری اور مارچ میں انٹرنینشل کیلینڈر کی مصروفیت کے باعث کچھ غیر ملکی کھلاڑی صرف جزوی طور پر مقابلے کے لئے دستیاب ہوں گے۔ دہائی کے آئی سی سی ٹی ٹونٹی پلیئر راشد خان ڈرافٹ میں سب سے توجہ کا مرکز ہوں گے۔ افغانستان کے لیگ سپنر نے 244 ٹی 20 میچوں میں 338 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں اور اس کے علاوہ 48 میچوں میں ان کی ٹی ٹونٹی وکٹوں کی تعداد 89 ہے۔

(جاری ہے)

320 ٹی 20 میچوں کا تجربہ رکھنے والے جنوبی افریقی بلے باز ڈیوڈ ملر بھی پی ایس ایل کا حصہ بننے کے لیے بے تاب ہیں ۔ اس سے قبل پی ایس ایل ایڈیشنز میں کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کی نمائندگی کرنے والے ویسٹ انڈین ٹی ٹونٹی لیجنڈ کرس گیل اس فہرست میں توجہ کا مرکز ہوںگے ، پی ایس ایل 2020ء میں اسلام آباد یونائیٹڈ سکواڈ میں شامل آئی سی سی ٹی 20 کے ٹاپ بلے باز ڈیوڈ مالان بھی شامل ہیں۔

آسٹریلیا کے کرس لین جنہوں نے گذشتہ سیزن میں قلندرز کے لئے 40.57 کی اوسط اور 179.74 کے سٹرائیک ریٹ کی مدد سے 284 رنز بنائے تھے ، پلاٹینم کی فہرست کا حصہ ہیں ۔ پلاٹینم کی فہرست میں ویسٹ انڈیز کے سابق آل رائونڈر ڈوین براوو بھی شامل ہیں جنہوں نے اس سے قبل پی ایس ایل میں لاہور قلندرز ، پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کررکھی ہے،ان کے ساتھ ساتھ کارلوس براتھویٹ (قلندرز اور زلمی ) ، لینڈل سیمنز (کنگز اور زلمی) اور ایوین لیوس بھی شامل ہیں۔

اس فہرست میں جنوبی افریقہ کے مورنے مورکل اور راسی وین ڈیر ڈوسن بھی شامل ہیں جو ابھی تک پی ایس ایل کا حصہ نہیں بن سکے ہیں ۔ اس فہرست میں جنوبی افریقہ کی نمائندگی کرنے والوں میں عمران طاہر (ملتان سلطانز) ، کولن انگرام (کنگز اور یونائیٹڈ) ، ریلی روسو (گلیڈی ایٹرز اور سلطانز) اور ڈیل سٹین (اسلام آباد یونائیٹڈ) بھی شامل ہیں۔ انگلینڈ کے ایلکس ہیلز جو پچھلے سال کے ایڈیشن میں کنگز کی فاتح ٹیم میں شامل تھے ، بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔

معین علی (سلطانز) ، کرس جورڈن (زلمی اور کنگز) اور ٹام بینٹن (زلمی) بھی پلاٹینم روسٹر کا حصہ ہیں۔ سپنر مجیب الرحمٰن اور آل راؤنڈر محمد نبی (گلیڈی ایٹرز) راشد کے ساتھ افغانستان کے دو دیگر کھلاڑی ہیں۔ سری لنکا کی تھیسارا پریرا (گلیڈی ایٹرز اور سلطان) اور اسورو ادانا بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔ بنگلہ دیشی فاسٹ بائولر مصتفیض الرحمٰن اور نیپال کے سندیپ لمچھینے جو ماضی میں قلندرز کی طرف سے کھیل چکے ہیں اس فہرست کا حصہ ہیں۔
وقت اشاعت : 05/01/2021 - 14:53:54

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :