ٹی 20 ورلڈ کپ:شاہینوں نے بنگالی شیروں کو 191 رنز کا ہدف دے دیا، احمد شہزاد کی شاندار سنچری

اتوار 30 مارچ 2014 16:24

ٹی 20 ورلڈ کپ:شاہینوں نے بنگالی شیروں کو 191 رنز کا ہدف دے دیا، احمد شہزاد کی شاندار سنچری

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30مارچ۔2014ء) ٹی20 ورلڈ کپ کے اہم ترین میچ میں احمد شہزاد کی شاندار سنچری کی بدولت شاہینوں نے بنگال ٹائیگرز کو جیت کے لئے191 رنز کا ہدف دے دیاہے۔بنگلہ دیش کے شہر میر پور کے شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان محمد حفیظ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستان کی جانب سے احمد شہزاد اور کامران اکمل نے اننگز کا آغاز کیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے ابتدا ہی میں بنگلا دیش کے بالرز کو اپنے خطرناک عزائم سے آگاہ کردیا ، دونوں کھلاڑیوں نے 43 کی شراکت قائم کی تاہم اس کا اختتام کامران اکمل کے آؤٹ ہونے پر ہوا۔ جس کے بعد احمد شہزاد کا ساتھ نبھانے کپتان محمد حفیظ کریز پر آئے لیکن وہ بھی زیادہ دیر تک نہ ٹھہر سکے اور 70 کے اسکور پر اسٹمپ ہوکر واپس لوٹ آئے۔

(جاری ہے)

جس کے بعد عمر اکمل آئے لیکن اپنا کھاتہ کھولے بنا ہی وکٹ گنوا بیٹھے، اس موقع پر شعیب ملک نے احمد شہزاد کا خوب ساتھ نبھایا۔شعیب ملک اور احمد شہزاد نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 9.96 کے رنز اوسط 8.2 اوورز میں 83 رنز کی شراکت قائم کی۔ 154 رنز کے مجموعی اسکور پر شعیب ملک 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جس کے فوری بعد احمد شہزاد نے اپنی اور پاکستان کی جانب سے کسی بھی کھلاڑی کی اولین سنچری بنائی۔

انہوں نے 58 گیندوں پر یہ سنگ میل عبور کیا۔ شاہد آفریدی نے 9 گیندوں پر 22 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی اور اس طرح پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 190 رنز بنائے۔پاکستان کی جانب سے احمد شہزاد 111 رنز جبکہ صہیب مقصود ایک رن پر ناٹ آؤٹ رہے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے سب سے کامیاب بالر عبدالرزاق رہے جنہوں نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ الامین حسین، شکیب الحسن، محموداللہ نے ایک ایک وکٹ لی۔واضح رہے کہ پاکستان کو ٹورنامنٹ میں زندہ رہنے کے لئے یہ میچ جیتنا لازمی ہے جب کہ بنگلہ دیش پہلے ہی 2 میچ ہار کر ٹورنامنٹ سے تقریبا باہر ہو چکا ہے۔

وقت اشاعت : 30/03/2014 - 16:24:24

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :