برسبین میں موجود بھارتی ٹیم ٹوائلٹس خود صاف کرنے پر مجبور

بھارتی کرکٹرز ہوٹل میں کمروں تک محدود ہوگئے، جم اور سوئمنگ سے بھی محروم

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 13 جنوری 2021 11:49

برسبین میں موجود بھارتی ٹیم ٹوائلٹس خود صاف کرنے پر مجبور
برسبین (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 13 جنوری 2021ء ) جمعے سے شروع ہونے والے 4 ٹیسٹ میچز کی سیریز کے آخری ٹیسٹ میں بھارتی کھلاڑیوں کو میدان سے باہر بھی کڑے امتحان سے گزرنا پڑے گا۔ برسبین میں کورونا پابندیوں کی سختیوں کے باعث بھارتی کرکٹرز ہوٹل میں کمروں تک محدود ہوکر رہ گئے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کرونا ایس او پیز کے باعث بھارتی کھلاڑیوں کو کمروں کی صفائی اور ٹوائلٹس خود صاف کرنے ہوں گے اور کھانا موبائل ایپلی کیشنز کے ذریعے آرڈر کر کے منگوانا ہوگا، بھارتی کھلاڑی جم اور سوئمنگ پول کی بنیادی سہولت سے بھی محروم رہیں گے اور اپنے تمام کام انہیں خود ہی کرنے پڑیں گے۔

بھارتی ٹیم پر ان سخت پابندیوں پر بھارتی کرکٹ بورڈ نے آسٹریلوی کرکٹ بورڈ سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں میزبان بورڈ کو کھلاڑیوں کی پریشانیوں سے آگاہ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

نومبر میں آسٹریلیا کے دورے پر پہنچنے والی بھارتی ٹیم نے تب بھی 14 روزہ قرنطینہ کیا تھا اور کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے بی سی سی آئی کو یقین دہانی کروائی گئی تھی کہ مہمان کھلاڑیوں کے ساتھ زیادہ سخت برتائو نہیں کیا جائے گا۔

ریاست کوئنز لینڈ میں حکومت کی جانب سے سخت پابندیاں عائد کیے جانے کے بعد اب بھارتی کھلاڑیوں کو بھی انہی ایس او پیز پر عمل کرنا ہوگا۔ واضح رہے کہ دورہ نیوزی لینڈ کے دوران پاکستانی کھلاڑیوں کو بھی اسی طرح کی ذہنی کوفت اور اذیت اٹھانی پڑی تھی، کھلاڑیوں کو نیوزی لینڈ پہنچتے ہی 14 روز تک ہوٹل کے کمروں تک محدود کردیا گیا تھا اور انہیں میل جول سمیت پریکٹس کی بھی اجازت نہیں تھی۔
وقت اشاعت : 13/01/2021 - 11:49:20

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :