عامر کے بیانات افسوس ناک تھے :وقاریونس

ٹور مشکل تھا لیکن اپنے بولرز پر فخر ہے،نسیم شاہ نے ہوم سیریز میں ہیٹ ٹرک سمیت عمدہ بولنگ کی: بائولنگ کوچ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 13 جنوری 2021 13:23

عامر کے بیانات افسوس ناک تھے :وقاریونس
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 13 جنوری 2021ء ) قومی کرکٹ ٹیم کے بائولنگ کوچ وقار یونس نے فاسٹ بائولر محمد عامر کے بیانات پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ 48 سالہ وقار یونس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عامر شاندار کرکٹر ہے اور وہ ان لوگوں میں سے ہیں جنہوں نے عامر کو قومی ٹیم میں واپس لانے کی وکالت کی تھی ۔ انہوں نے نوجوان بائولر نسیم شاہ کے بارے میں کہا کہ وہ ٹیلنٹڈ فاسٹ بائولر ہیں،انہوں نے بنگلہ دیش کے خلاف ہوم سیریز میں ہیٹرک کی تھی اور تیزی سے بائولنگ کے اسرارورموز سیکھ رہے ہیں ۔

وقار یونس نے کہا کہ میں قومی ٹیم کی شکست پر کسی جواز کے پیچھے نہیں چھپوں گا ، جو خبریں ہیں وہ خبروں کی حد تک ہی رہیں تو بہتر ہیں۔ وقار یونس کا کہنا تھا کہ یہ غلط بات پھیلائی جارہی ہے کہ وہ نیوزی لینڈ میں ٹیم کو چھوڑ کر آگئے تھے،انہوں نے نہ پہلے کبھی ٹیم کوچھوڑا تھااور نہ آئندہ چھوڑ کر جائیں گے۔

(جاری ہے)

وقار یونس نے یہ بھی کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے قومی ٹیم کو نیوزی لینڈ میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، ہم نے پہلے ٹیسٹ میں اچھی کارکردگی دکھائی لیکن دوسرے ٹیسٹ میں عمدہ کھیل پیش نہ کرسکے ، جو پرفارمنس دینا چاہتے تھے نہیں دے سکے لیکن بائولرز پر فخر ہے کہ انہوں نے مشکل حالات میں بھی بہترین پرفارمنس دی ۔

وقار یونس کا کہنا تھا کہ وہ جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے منتظر ہیں، وہ جارحانہ انداز کے انسان ہیں اور اپنے کھلاڑیوں سے اپروچ بھی جارحانہ چاہتے ہیں۔ وقار یونس نے کپتان بابراعظم سے متعلق کہا کہ بابراعظم کے نیوزی لینڈ میں زخمی ہونے اور کیچز ڈراپ ہونے سے بھی بہت فرق پڑا۔ انہوں نے خود پر تنقید کرنے والوں کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ مجھ میں کچھ تو ایسا ہے کہ یہاں کھڑا ہوں، تنقید اور کمنٹری کرنا بہت آسان ہوتا ہے۔
وقت اشاعت : 13/01/2021 - 13:23:46

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :