شان مسعود اور حارث سہیل کی ٹیسٹ سکواڈ میں شمولیت کے امکانات معدوم

سینئر پیسر محمد عباس کو آرام دینے پر غور :ذرائع،حسن علی کی قسمت کھلنے کا امکان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 14 جنوری 2021 11:35

شان مسعود اور حارث سہیل کی ٹیسٹ سکواڈ میں شمولیت کے امکانات معدوم
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 14 جنوری 2021ء ) جنوبی افریقا کے خلاف سیریز میں اوپنر شان مسعود اور مڈل آرڈر بلے باز حارث سہیل کی ٹیسٹ سکواڈ میں جگہ خطرے میں پڑگئی ہے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں مکمل طور پر ناکام ہونے والے شان مسعود اور حارث سہیل کی ٹیسٹ سکواڈ میں جگہ پر سوالیہ نشان کھڑا ہوگیا ہے، دونوں بیٹسمین نیوزی لینڈ میں یکسر ناکام ہوئے تھے۔

دوسری جانب انجری سے صحت یاب ہونے والے کپتان بابراعظم کے ساتھ اوپنر امام الحق کی بھی ٹیسٹ سکواڈ میں واپسی ہوگی، ڈومیسٹک کرکٹ کے ایک سیزن میں زیادہ فرسٹ کلاس رنز بنانے کا ریکارڈ اپنے نام کرنے والے کامران غلام بھی نئی سلیکشن کمیٹی کے ریڈار پر ہیں جب کہ سینئر پیسر محمد عباس کو ہوم سیریز کے لیے آرام دینے پر غور کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

دورہ انگلینڈ کے بعد نیوزی لینڈ میں بھی انٹرنیشنل میچ کھیلنے سے محروم رہنے والے سہیل خان کو بھی ڈراپ کیا جاسکتا ہے، کمر کی انجری سے نجات پانے کے بعد ڈومیسٹک کرکٹ میں بائولنگ کے ساتھ بیٹنگ میں بھی پرفارم کرنے والے حسن علی کی سکواڈ میں شمولیت کا قوی امکان ہے۔ لیفٹ آرم سپنر نعمان علی اور آف سپنر ساجد خان کے ساتھ لیگ سپنر زاہد محمود کا نام بھی زیر غور ہے، زیادہ امکان یہی ہے کہ یاسر شاہ کیساتھ ایک یا دو آف سپنرز ٹیسٹ سکواڈ میں شامل کیے جائیں گے، لیگ سپنر شاداب خان انجری کی وجہ سے اس سیریز کے لیے دستیاب نہیں ہیں۔
وقت اشاعت : 14/01/2021 - 11:35:48

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :