شان مسعود ، حارث سہیل کو جنوبی افریقہ کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے ٹیم میں برقرار رکھنا چاہئے: راشد لطیف

حسن علی کو وائٹ بال کرکٹ کے لیے قومی ٹیم میں واپس لانا چاہیئے: سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 14 جنوری 2021 16:27

شان مسعود ، حارث سہیل کو جنوبی افریقہ کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے ٹیم میں برقرار رکھنا چاہئے: راشد لطیف
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 14 جنوری 2021ء ) سابق وکٹ کیپر بلے باز راشد لطیف کا خیال ہے کہ اوپنر شان مسعود اور مڈل آرڈر بیٹسمین حارث سہیل کو جنوبی افریقہ کے خلاف آئندہ ہوم سیریز کے لئے ٹیم میں برقرار رکھا جانا چاہئے۔ اپنے یوٹیوب چینل پر گفتگو کرتے ہوئے راشد لطیف نے کہا کہ شان اور حارث کو فارم میں واپسی کیلئے ایک اور موقع ملنا چاہئے حالانکہ دونوں کھلاڑی نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں مکمل طور پر ناکام رہے تھے ۔

راشد لطیف نے کہا کہ اگر شان مسعود اور حارث سہیل کی جگہ لینے والے نئے کھلاڑی ہوم سیریز میں تو جنوبی افریقہ کے خلاف اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں لیکن غیر ملکی دورے پر ناکام رہتے ہیں تو آپ کیا کریں گے؟، میرے خیال میں شان اور حارث کو آئندہ جنوبی افریقہ سیریز کیلئے برقرار رکھنا چاہئے تاکہ وہ اپنی فارم اور اعتماد دوبارہ حاصل کرسکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے فاسٹ بائولر حسن علی کو محدود اوورز کی کرکٹ کے لیے قومی ٹیم میں شامل کرنے کی بھی حمایت کی ،حسن علی حالیہ قائداعظم ٹرافی میں ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی نامزد کیا گیا تھا۔ راشد لطیف کا کہنا تھا کہ ہمیں یہ دیکھنے کی ضرورت ہے کہ آیا سلیکٹرز حسن علی کو ٹیسٹ میچز میں واپس لاتے ہیں یا وائٹ بال کرکٹ میں ، ذاتی طور پر میں سمجھتا ہوں کہ اسے ابھی ٹیسٹ کرکٹ نہیں کھیلنی چاہیئے کیونکہ وہ ابھی ابھی انجری سے واپس آیا ہے، ہمیں حسن علی کو احتیاط سے استعمال کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ وہ بیٹ اور بال دونوں کے ساتھ عمدہ فارم میں ہے اور اس کھیل کے بارے میں اس کا رویہ انہیں ٹیم کے لئے ایک بہت بڑا اثاثہ بنا دیتا ہے۔

یاد رہے کہ قومی ٹیم کے نئے چیف سلیکٹر محمد وسیم 15 جنوری کو جنوبی افریقہ کے خلاف دو میچوں کی سیریز کے لئے ٹیسٹ سکواڈ کا اعلان کریں گے۔ فریقین کے مابین پہلا ٹیسٹ 26 جنوری سے کراچی میں شروع ہوگا۔
وقت اشاعت : 14/01/2021 - 16:27:35

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :