لگتا ہے جنوبی افریقہ کیخلاف ٹیم کی سلیکشن کسی کو خوش کرنے کیلئے ہوئی ہے: انضمام الحق

36، 37 سال کے تابش خان کو منتخب کرنے پر حیرانگی ہوئی، ایسی عمر کا تو بیٹسمین بھی شامل نہیں کیا جاتا: سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 16 جنوری 2021 17:38

لگتا ہے جنوبی افریقہ کیخلاف ٹیم کی سلیکشن کسی کو خوش کرنے کیلئے ہوئی ہے: انضمام الحق
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 16 جنوری 2021ء ) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان و سابق چیف سلیکٹر انضمام الحق نئی قومی سلیکشن کمیٹی پر برس پڑے۔ اپنے یوٹیوب چینل پر 50 سالہ انضمام الحق نے کہا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے سلیکشن کسی کو خوش کرنے کے لئے کی گئی ہے ۔ 36، 37 سال کے فاسٹ بائولر تابش خان کو ٹیسٹ سکواڈ کے لیے منتخب کرنے پر حیرانگی ہوئی، ایسی عمر کا تو بیٹسمین بھی انٹرنیشنل کرکٹ میں شامل نہیں کیا جاتا، انہوں نے کہا کہ حارث رئوف کے مشکل سے 3 فرسٹ کلاس میچز میں صرف 7 وکٹیں ہیں تو وہ کس بنیاد پر ٹیسٹ سکواڈ میں سلیکٹ کئے گئے؟، کیا کسی کو فرسٹ کلاس میچ کھلائے بغیر ہی سیدھا ٹیسٹ کھلانا ہے؟، صرف ایک فرسٹ کلاس میچ کے بل بوتے پر عبد اللہ شفیق کو ٹیسٹ سکواڈ میں جگہ دے دی، ان کی عقل اور سمجھ جواب دے گئی ہے کہ یہ کیا کچھ سلیکٹ ہوا، شان مسعود کو ڈراپ کیا کہ وہ نیوزی لینڈ سیریز میں ناکام ہے تو عابد علی کو کس لیے سلیکٹ کیا، وہ بھی انگلینڈ ٹور سے مسلسل ناکام ہوتے چلے آرہے ہیں۔

(جاری ہے)

یوں محسوس ہورہا ہے کہ کرکٹ بورڈ والے بھی آنکھیں بند کرکے بیٹھے ہیں، سہیل خان کو انگلینڈ اور نیوزی لینڈ میں بغیر کھلائے باہر کردیا گیا، ایسی سلیکشن پر کیا کہوں، اس سلیکشن کمیٹی میں ویژن کا فقدان دکھائی دے رہا ہے، یہ ٹیم کامیابی حاصل نہیں کرسکتی لیکن اس کے باوجود ان کی کامیابی کے لئے دعا گو ہوں۔
وقت اشاعت : 16/01/2021 - 17:38:41

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :