پریمئر سپر لیگ کارپوریٹ چیلنج کپ ،رائونڈمیچز میںسول ایوی ایشن اتھارٹی، اے ایم ٹی اور آئی پی سی کی کامیابی

ایکسپرٹ ڈی جی کوسی اے اے کے ہاتھون 78 رنز ،اے ایم ٹی نے یوبی لوکریٹیو کی ٹیم کو 7 وکٹوں سے پچھاڑ دیا ڈی پی ایس کو 4 وکٹوں سے شکست ،آئی پی سی نے ڈی پی ایس کا129 کاہدف 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا

اتوار 17 جنوری 2021 14:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2021ء) پریمئر سپر لیگ کے زیر اہتمام جاری کارپوریٹ چیلنج کپ کے رائونڈمیچز میںپاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی، اے ایم ٹی اور آئی پی سی نے اپنے اپنے میچز جیت لئے ،اتفاق کرکٹ گرائونڈ اور ماڈل ٹائون گرینز کرکٹ گرائونڈ میں کارپوریٹ چیلنج کپ کے دوسرے ایڈیشن کے تین رائونڈ میچز کھیلے گئے۔ ماڈل ٹائون گرینز میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایکسپرٹ ڈی جی کو 78 رنز سے شکست دی۔

سول ایوی ایشن کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنائے۔ مبشر علی نے 85 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی ۔ مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں ایکسپرٹ ڈی جی کی ٹیم 91 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ اویس حسن نے 41 رنز بنائے جبکہ عبدالمنان نے شاندار بالنگ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ۔

(جاری ہے)

مبشر علی کوشاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کاایوارڈ دیا گیا۔

اتفاق کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے گئے پہلے میچ میں اے ایم ٹی نے یوبی لوکریٹیو کی ٹیم کو 7 وکٹوں سے شکست دی۔ اے ایم ٹی نے پہلے کھیلتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر 148 رنز بنائے۔ وقاص الدین 44 رنز بناکر نمایاں رہے ۔ مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں یوبی لوکریٹیو کی ٹیم 141 رنز بناسکی۔ امیر حمزہ 32 رنز بناکر نائوٹ آٹ رہے ۔بہترین کارکردگی پر سعد نجم مین آف دی میچ قرار پائے۔

اتفاق کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں آئی پی سی نے ڈی پی ایس کو 4 وکٹوں سے پچھاڑدیا ۔ ڈی پی ایس کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز بنائے۔ عمران ٹیپو 41 رنز بناکر نمایاں رہے ۔ آئی پی سی کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ ولید تبریز 37 رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے ۔ ولید تبریز آل رائونڈ رکارکردگی دکھانے پر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
وقت اشاعت : 17/01/2021 - 14:00:10

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :