قومی خواتین کرکٹ ٹیم بدھ سے انٹرنیشنل کرکٹ کا دوبارہ آغاز کرے گی

یہ سیریز ہمارے لیے بہت اہم ہے، یہاں ہمیں نہ صرف اپنی سے بہتر رینک کی ٹیم سے نبردآزما ہونے کا موقع مل رہا ہے بلکہ یہ سیریز ہمیں آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈکپ کوالیفائرز کی تیاریوں میں بھی مدد کرے گی، کپتان قومی خواتین کرکٹ ٹیم جویریہ خان

منگل 19 جنوری 2021 16:48

قومی خواتین کرکٹ ٹیم بدھ سے انٹرنیشنل کرکٹ کا دوبارہ آغاز کرے گی
ڈربن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 جنوری2021ء) قومی خواتین کرکٹ ٹیم دس ماہ کی بریک کے بعدبدھ سے دوبارہ انٹرنیشنل کرکٹ کا آغاز کرے گی۔ ڈربن میں موجود قومی خواتین کرکٹ ٹیم 20 جنوری سے شروع ہونے والی ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں میزبان جنوبی افریقہ کے مدمقابل آئے گی۔ 
قومی خواتین کرکٹ ٹیم نے اس سے قبل اپنا آخری انٹرنیشنل میچ  آسٹریلیا میں کھیلے گئے آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈکپ 2020 میں کھیلا تھا،جس کے بعد کورونا وائرس کی وجہ سےخواتین کرکٹ کی سرگرمیاں معطل ہوگئی تھیں۔


قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی قیادت جویریہ خان کررہی ہیں۔ وہ اب تک جنوبی افریقہ کے خلاف 14 ون ڈے میچوں میں 377 رنز بناچکی ہیں۔ انہوں نے ساؤتھ افریقہ میں 37.85کی اوسط سے رنزبنارکھے ہیں۔ اس فہرست میں پہلے نمبر پر عالیہ ریاض ہیں، جن کی جنوبی افریقہ میں رنز بنانے کی اوسط 44 ہے۔

(جاری ہے)


باؤلنگ کے شعبے میں آلراؤنڈر ندا ڈار سب سے نمایاں ہیں۔ جنوبی افریقہ میں وہ 18 کی اوسط اور 3.07 کے اکانومی ریٹ سے باؤلنگ کرچکی ہیں۔


دونوں ٹیموں کے مابین آخری ایک روزہ سیریزمئی 2019 میں کھیلی گئی تھی جو کہ 1-1 سے برابر رہی۔
رواں سال دونوں ٹیموں کے مابین تین ایک روزہ اور تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کی سیریز کنگز میڈ کرکٹ اسٹیڈیم ڈربن میں کھیلی جائے گی۔
جویریہ خان، کپتان قومی خواتین کرکٹ ٹیم:
قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان جویریہ خان کا کہنا ہے کہ وہ دس ماہ بعد انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی پر بہت خوش ہیں، انہوں نے کہا کہ یہ سیریز پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کے لیے بہت اہم ہے کیونکہ اس سیریز نہ صرف انہیں اپنے سے بہتر رینک کی ٹیم سے کھیلنے کا موقع مل رہا ہے بلکہ یہ سیریز آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ کوالیفائرز کی تیاریوں میں بھی مددگار ثابت ہوگی۔


کپتان قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا کہناہے کہ تمام کھلاڑی کوویڈ 19 کی وباء کے بعد گراؤنڈ میں واپسی کے حوالے سے بہت پرجوش ہیں اور تمام کرکٹرز اسپورٹ اسٹاف کی معاونت سے جنوبی افریقہ میں سخت ٹریننگ کررہی ہیں۔
پاکستان اور جنوبی افریقہ کی خواتین ٹیمیں اس سے قبل 21 ایک روزہ میچوں میں مدمقابل آچکی ہیں، جہاں چار میں پاکستان جبکہ 15 میں جنوبی افریقہ نے کامیابی حاصل کی۔
وقت اشاعت : 19/01/2021 - 16:48:42

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :