کرسٹیانو رونالڈو سب سے زیادہ گولز سکور کرنے والے فٹبالر بن گئے

پرتگال اور یووینٹس کے 35 سالہ فارورڈ اب تک اپنے کیریئر میں 760 مرتبہ گیند کو جال تک پہنچا سکتے ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 21 جنوری 2021 16:15

کرسٹیانو رونالڈو سب سے زیادہ گولز سکور کرنے والے فٹبالر بن گئے
لزبن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 21 جنوری 2021ء ) پرتگال اور یووینٹس کے فارورڈ کرسٹیانو رونالڈو نے فٹ بال کی تاریخ میں کلب اور ملک کے لئے سب سے زیادہ گولز کا جوزف بیکن (759) کا ریکارڈ توڑ دیا۔ 35 سالہ رونالڈو نے اب تک اپنے 19 سالہ کیریئر میں 760 گول سکور کیے ہیں، انہوں نے یہ تاریخ ساز گول بدھ کے روز اطالوی سپر کپ میں نیپولی کے خلاف 64 ویں منٹ میں سکور کیا۔

5 مرتبہ بیلون ڈی آر جیتنے والے فٹ بالر حال ہی میں برازیلین لیجنڈ پیلے (757) سے بھی آگے نکلے تھے جو اب سب سے زیادہ گولز سکور کرنے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر آگئے ہیں جب کہ روماریو(743) چوتھے اور بارسلونا کے لیونل میسی (719) پانچویں نمبر پر ہیں۔ کرسٹیانو رونالڈو نے ریال میڈرڈ کے ساتھ اپنی 9 سال وابستگی کے دوران مجموعی طور پر 450 گول سکور کیے، انہوں نے مانچسٹر یونائیٹڈ کے لئے 118 ، اپنے ملک پرتگال کے لئے 102 ،موجودہ کلب یوونٹس کے لئے 85 اور سپورٹنگ لزبن کے لیے 5 گولز سکور کیے۔

(جاری ہے)

رونالڈو کا سب سے بہترین ریکارڈ سویلیا کے خلاف ہے جس کے خلاف انہوں نے 27 مرتبہ گیند کو نیٹ میں پہنچایا۔ انہوں نے اپنے دائیں پاؤں کے ساتھ 488 ، بائیں پائوں سے 139 ، ہیڈر کے ساتھ 131 گول سکور کیے ہیں جب کہ 2 گولز جسم کے دیگر حصوں سے کیے۔ رونالڈو اب تک 46 ہیٹ ٹرکس سکور کرچکے ہیں جب کہ 136 مواقع پر دو مرتبہ گول سکور کیا۔ انہوں نے اب تک 8 مواقع پر 4 اور 2 مواقع پر 5 گولز بھی سکور کررکھے ہیں ۔ لا لیگا میں رونالڈو کےگولز کی مجموعی تعداد 311 ، یوئیفا چیمپئنز لیگ میں 134 ، انگلش پریمیئر لیگ میں 84 ، سیریا اے میں 67 ، فیفا ورلڈ کپ کوالیفائنگ میں 30 ، یورپی چیمپئن شپ کے لئے کوالیفائنگ میں 31 ، ایف اے کپ میں 13 اور ورلڈ کپس میں 7 گولز شامل ہیں ۔
وقت اشاعت : 21/01/2021 - 16:15:26

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :