سندھ اوپن گالف چیمپئن شپ کا جمعہ 22جنوری سے آغاز ہوگا، عارف عباسی

تین روزہ چیمپئن شپ 22سے 24جنوری کو عربین سی کنٹری کلب کے خوب صورت گالف کورس میں منعقد کی جارہی ہے،اسد خان

جمعرات 21 جنوری 2021 18:04

سندھ اوپن گالف چیمپئن شپ کا جمعہ 22جنوری سے آغاز ہوگا، عارف عباسی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2021ء) عربین سی کنٹری کلب کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عارف علی خان عباسی نے کہا ہے کہ بغیر اسپانسر شپ کے کوئی بھی کھیل فروغ نہیں پا سکتا،سندھ اوپن گالف کے مقابلے پوری دنیا میں پاکستان ٹیلی وژن نیٹ ورک کی لائف کوریج کی بدولت کھیل کو فروغ مل رہا ہے، میزبان عربین سی کنٹری کلب ملک بھر سے آنے والے تمام گولفرز کو ویلکم کرتا ہے۔

میڈیا کی سپورٹ کے بغیر اسپورٹس پروموٹ نہیں ہوسکتا،ان کے بے حد مشکور ہیں۔ یہ بات انہوں نے کراچی پریس کلب میں جوبلی جنرل انشورنس 22ویں سندھ اوپن گالف چیمپئن شپ کے سلسلے میں منعقد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کے ساتھ سندھ گالف ایسوسی ایشن کے صدر اسد آئی خان اور اسپانسر جوبلی جنرل انشورنس کے ایگزیکٹو وائس پریزنڈنٹ عمران مغل بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

سندھ گالف ایسوسی ایشن کے صدر اسد آئی خان نے چیمپئن شپ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ جوبلی جنرل انشورنس 22ویں سندھ اوپن گالف چیمپئن شپ کا جمعہ 22جنوری سے آغاز ہورہا ہے۔چیمپئن شپ میں30 لاکھ روپے کی انعامی رقم رکھی گئی ہے، نوجوان گالفراحمد بیگ سندھ اوپن میں اپنے اعزاز کا دفاع کریں گے۔ تین روزہ چیمپئن شپ 22سے 24جنوری کو عربین سی کنٹری کلب کے خوب صورت گالف کورس میں منعقد کی جارہی ہے۔

چیمپئن شپ میں ملک بھر کے ٹاپ گالفرز حصہ لے رہے ہیں۔ اسد آئی خان نے کہا کہ سندھ اوپن پی جی ایف اور سندھ گالف کا کیلنڈر ایونٹ ہے جس کو ہم ’’ہوم آف دی سندھ اوپن ‘‘ بھی کہتے ہیں، ایونٹ میں ملک بھر سے 120سی125گالفرز کی انٹریز موصول ہوچکی ہیں،، ایمچر سے پروفیشنل کی طرف آنے والے نوجوان گالفر احمد بیگ سندھ اوپن کے دفاعی چیمپئن ہیں۔ شبیر اقبال، وحید بلوچ، مطلوب ،منیر احمد سمیت دیگر ٹاپ گالفرز بھی سندھ اوپن میں شریک ہونگے۔

54 ہول پر مشتمل پروفیشنل اور ایمچر مقابلے 22سے 24جنوری تک منعقد کئے جائیں گے۔سینئر پروفیشنل ،جونیئرزپروفیشنل کے مقابلے 36ہول پر 22سے 23جنوری اور18 ہول پرمشتمل سینئرز ایمچر کے مقابلی24 جنوری کو شیڈول ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہول ان ون کے ونر کو کار انعام میں دی جائے گی۔ عربین سی کنٹری کلب کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عارف علی خان عباسی نے کہا ہے کہ کسی بھی کھیل میں اسپانسر کا ہونا خوش آئند ہوتا ہے، جس سے ایونٹ کو کافی حوصلہ ملتا ہے، بغیر اسپانسر شپ کے کوئی بھی کھیل فروغ نہیں پا سکتا، ہم شکرگزار ہیں جوبلی جنرل انشورنس کے جن کے ساتھ ہماری پارنٹرشپ جاری ہے،اور گالف کو اسپانسر کرکے کھیلوں کی سرپرستی میں اپنا حصہ ڈالا ہے۔

عارف عباسی نے کہا کہ ہماری خواہش تھی کہ سندھ اوپن کو چارروزہ ایونٹ میں کراتے لیکن کووڈ19کی وجہ سے اس بار ایسا ممکن نہیں انشاللہ آئندہ سال اس کو مزید بڑے پیمانے پر اور چار روزہ کرانے کی کوشش کریں گے۔ اسپانسر جوبلی جنرل انشورنس کے ایگزیکٹو وائس پریزنڈنٹ عمران مغل نے کہا کہ ان کا ادارہ کھیلوں کے فروغ میں اپنا کردار ادا کررہا ہے، اسنوکر اور گالف کے علاوہ دیگر کھیلوں میں بھی جوبلی انشورنس نے اسپانسرشپ کے سلسلے کو جاری رکھا ہے،اس مرتبہ ہماری سندھ اوپن کے ساتھ شراکت کی ہیت ٹرک مکمل ہوئی ہے، امید ہے کہ یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔
وقت اشاعت : 21/01/2021 - 18:04:56

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :