قومی ٹریننگ کیمپ میں شرکت پر احساسات بیان نہیں کرسکتا: تابش خان

اب بھی یقین نہیں آرہا کہ میں وقار یونس کی سرپرستی میں کھیل رہا ہوں: فاسٹ بائولر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 22 جنوری 2021 13:15

قومی ٹریننگ کیمپ میں شرکت پر احساسات بیان نہیں کرسکتا: تابش خان
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 22 جنوری 2021ء ) فرسٹ کلاس کرکٹر تابش خان جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لئے پاکستان ٹیم کیمپ میں ٹریننگ کرنے پر بہت خوش ہیں ۔ 36 سالہ تابش خان نے کہا کہ یہ احساس ناقابل بیان ہے کہ ان کا نام 20 رکنی ٹیم میں ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی طرف سے جاری ایک ویڈیو میں تبیش نے کہا کہ پاکستان کیمپ میں شرکت کے بعد احساسات بالکل مختلف تھے جب میں نے پہلی بار ٹریننگ جرسی پہنی تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ مجھے حنیف محمد انکلوژر سے ویسٹ انڈیز کے خلاف پاکستان کا ٹیسٹ میچ دیکھنا یاد ہے اور اب میں صرف یہ سوچتا ہوں کہ مجھے اپنے ملک کی نمائندگی کرنے کا موقع ملا ہے۔ دائیں بازو کے میڈیم پیسر نے انکشاف کیا ہے کہ ٹیم نے ٹیسٹ میچ کے حالات کے مطابق ٹریننگ لی ہے، ہم ٹریننگ کیمپ میں انتہائی سخت ٹریننگ کررہے ہیں اور اور ٹیسٹ میچ کے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے لمبے لمبے بائولنگ سپیل بھی کیے ہیں ۔

(جاری ہے)

تابش خان کو اب بھی یقین نہیں آرہا کہ وہ بائولنگ کوچ وقار یونس کے ساتھ کام کررہے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ میں نے وسیم اکرم اور وقار یونس کو بائولنگ کرتے دیکھا تھا اور آج ایسا محسوس ہورہا ہے کہ جو خواب دیکھا تھا وہ سچ ہوگیا، اب بھی یقین نہیں آرہا کہ میں وقار یونس کی سرپرستی میں کھیل رہا ہوں۔
یاد رہے کہ تابش خان کو جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے 20 رکنی سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، انہوں نے 19 سالہ فرسٹ کلاس کیریئر میں 598 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔
وقت اشاعت : 22/01/2021 - 13:15:05

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :