آئی پی ایل کے ساتویں ایڈیشن کا آغاز 16 اپریل سے ہوگا، بھارت اور متحدہ عرب امارات ،مشترکہ طور پر میزبانی کرینگے

پیر 7 اپریل 2014 19:43

آئی پی ایل کے ساتویں ایڈیشن کا آغاز 16 اپریل سے ہوگا، بھارت اور متحدہ عرب امارات ،مشترکہ طور پر میزبانی کرینگے

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7اپریل۔2014ء) انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے ساتواں ایڈیشن کا آغاز 16 اپریل سے ہوگا، بھارت اور متحدہ عرب امارات مشترکہ طور پر میزبانی کرینگے۔کرکٹ کنٹرول بورڈ آف انڈیا (بی سی سی آئی) کے مطابق ایونٹ کا آغاز 16 اپریل سے متحدہ عرب امارات میں ہو گا۔ بھارت میں رواں برس عام انتخابات کی وجہ سے بھارتی حکومت نے آئی پی ایل سات میں سیکیورٹی فراہم کرنے سے انکار کر دیا تھا جس کے بعد بی سی سی آئی نے لیگ کی میزبانی کیلئے دوسرے ممالک کی تلاش شروع کر دی تھی جس میں جنوبی افریقہ، بنگلہ دیش اور متحدہ عرب امارات شامل تھے تاہم جنوبی افریقہ لیگ کے ایک میچ کی بھی میزبانی حاصل نہ کر سکا۔

بی سی سی آئی کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق آئی پی ایل سات کے شیڈول کو پہلے تین مرحلوں میں تقسیم کیا گیا تھا، جس کے مطابق لیگ کا باقاعدہ آغاز 16 اپریل سے متحدہ عرب امارات میں ہونا تھا اور یہاں پر ابتدائی طور پر سولہ میچز کھیلے جانے تھے، دوسرے مرحلے کے میچز یکم سے 12 مئی تک بنگلہ دیش میں جبکہ آخری مرحلے کے میچز بھارت میں ہی ہونا تھے تاہم نئے شیڈول کے مطابق بی سی سی آئی حکام کے مطابق بھارتی حکومت نے آخری لیگ کے میچوں کی سکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے اور اب دو مرحلوں میں آئی پی ایل سات کو تقسیم کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اور پہلے مرحلے میں 20 میچز متحدہ عرب امارات میں کھیلے جائینگے اور دوسرے مرحلے میں فائنل سمیت40 میچز بھارت میں ہی کھیلے جائینگے۔ اس بار ٹیموں کی تعداد کم ہونے کی وجہ سے لیگ 47 روز تک جاری رہے گی اور ٹیموں کے درمیان مجموعی طور پر 60 میچز کھیلے جائیں گے جبکہ گزشتہ برس 76 میچ کھیلے گئے تھے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل 2009ء میں بھی سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے آئی پی ایل ملک سے باہر منعقد ہوئی تھی جس کی میزبانی جنوبی افریقہ نے کی تھی۔ واضح رہے کہ ایونٹ کا فائنل یکم جون کو کھیلا جائے گا۔

وقت اشاعت : 07/04/2014 - 19:43:18

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :