جیمز اینڈرسن ایشیاء میں اننگز میں 5 وکٹیں حاصل کرنیوالے معمر ترین فاسٹ بائولر بن گئے

برطانوی پیسر نے 38 سال 176 دن کی عمر میں یہ کارنامہ سرانجام دیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 23 جنوری 2021 16:32

جیمز اینڈرسن ایشیاء میں اننگز میں 5 وکٹیں حاصل کرنیوالے معمر ترین فاسٹ بائولر بن گئے
گال (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 23 جنوری 2021ء ) برطانوی فاسٹ بائولر جیمز اینڈرسن نے سری لنکا کے خلاف ہفتے کے روز دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن ٹیسٹ کرکٹ میں 30 ویں مرتبہ اننگز میں 5 وکٹیں لینے کا کارنامہ سرانجام دیا۔ 38 سالہ اینڈرسن نے وکٹ کیپر بلے باز نیروشان ڈیکویلا کو 92 رن پر واپس بھیجنے کے بعد ایک اور وکٹ لیکر 2012ء میں گال ہی میں اپنی گذشتہ بہترین بائولنگ پرفارمنس (75-5) کو مزید بہتر بنایا ۔

اینڈرسن ایشیاء میں اننگز میں 5 وکٹیں حاصل کرنے والے معمر ترین فاسٹ بائولر بھی بن گئے ہیں، انہوں نے 38 سال 176 دن کی عمر میں یہ کارنامہ سرانجام دیا ،ان سے قبل عظیم کیوی پیسر سر رچرڈ ہیڈلی نے 37 سال 144 دن کی عمر میں یہ کارنامہ سرانجام دیا تھا ،سری لنکا کے لاستھ مالنگا نے 36 سال 9 دن کی عمر میں اننگز میں 5 وکٹیں لیں، کیوی پیسر کرس مارٹن نے 35 سال 329 دن کی عمر میں یہ کارنامہ سر انجام دیا تھا، سابق ویسٹ انڈین پیسر کورٹنی والش نے 35 سال 30 دن کی عمر میں اننگز میں 5 وکٹیں حاصل کیں۔

(جاری ہے)

اینڈرسن ٹیسٹ کرکٹ میں زیادہ مرتبہ اننگز میں 5 وکٹیں لینے والے بائولرز کی فہرست میں سابق آسٹریلین فاسٹ بائولر گلین میگراتھ سے آگے نکل گئے جنہوں نے 2007ء میں اپنے کیریئر کے اختتام تک 29 مرتبہ یہ کارنامہ سرانجام کیا تھا ۔ اس ٹیسٹ کے لئے پلیئنگ الیون میں سٹورٹ براڈ کی جگہ لینے والے اینڈرسن نے دوسرے دن کے پہلے ہی اوور میں اینجلو میتھیوز کو 110 رنز پر پوویلین بھیجا۔ اینڈرسن نے سری لنکن ٹیم کو 381 رنز پر پوویلین واپس بھیجنے میں مدد کرتے ہوئے 40 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں، وہ اب تک ٹیسٹ کرکٹ میں 606 شکار حاصل کرچکے ہیں۔
وقت اشاعت : 23/01/2021 - 16:32:02

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :