مالم جبّہ پہنچنے والے 48 غیر ملکی کھلاڑیوں نے پاکستان کو محفوظ ملک قرار دے دیا

اتوار 24 جنوری 2021 14:50

سوات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جنوری2021ء) خیبرپختونخواہ کے سیاحتی مقام مالم جبّہ پہنچنے والے 48 غیر ملکی کھلاڑیوں نے پاکستان کو محفوظ ملک قرار دے دیا۔سوات کے علاقے مالم جبّہ میں پاکستان انٹرنیشنل اسنو بورڈنگ کپ کے دلچسپ مقابلے میں ملکی وغیر ملکی کھلاڑیوں حصہ لے رہے ہیں ،ان مقابلوں کو دیکھنے کے لیے سیاحوں کی بڑی تعداد مالم جبّہ پہنچی ۔

خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹوورازم اتھارٹی کی جانب سے منعقدہ اسنو بورڈنگ کپ میں ملکی و غیر ملکی کھلاڑی اپنے فن کے جوہر دکھا رہے ہیں۔ مجموعی طور پر یورپ، بیلجیئم اور افغانستان سے 48 کھلاڑی مقابلے میں حصہ لے رہے ہیں، ان میں چار خواتین بھی شامل ہیں۔اسنو بورڈنگ کپ میں شرکت کے لیے مالم جبّہ پہنچنے والے غیرملکی کھلاڑیوں نے پاکستان کو سیاحت کے لیے محفوظ ملک قرار دیتے ہوئے کہا کہ غیر ملکی سیاح آسانی کے ساتھ پاکستان آسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

جنت نظیر وادی نے برف کی سفید چادر اڑھی تو ملک کے دیگر حصوں سے سیاحوں کی بڑی تعداد نے بھی قدرتی مناظر سے لطف اندوز ہونے کے لئے مالم جبہ کا رخ کررہے ہیں۔اسنو بورڈنگ مقابلوں میں شرکت کرنے والے بیلجیئم سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں کا کہنا تھا مالم جبّہ اسنو بورڈنگ میں شرکت کرنا ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے۔انہوںنے کہاکہ پاکستان محفوظ اور خوبصورت ملک ہے یہاں حسین مقامات کے ساتھ لوگ بھی عوام دوست ہیں اور کھلے دل سے سیاحوں کو خوش آمدید کہتے ہیں، غیر ملکی سیاح آسانی اور بے فکری سے پاکستان آسکتے ہیں۔

غیر ملکی کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ مالم جبّہ سوات میں بین الاقوامی معیار کا سلوپ قدرتی طور پر موجود ہے جسے محکمہ کھیل اولمپک مقابلوں میں شامل کرکے یہاں مقابلے کرا سکتے ہیں۔کمشنر ملاکنڈ ظہیر السلام نے اسنو بورڈنگ کپ میں شرکت کرنے والے ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں اور بڑی تعداد میں سیاحوں کی مالم جبہ آمد پر اٴْن کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسنو بورڈنگ کپ میں ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں کی بڑی تعداد میں شرکت خوش آئند ہے ملاکنڈ ڈویژن میں سیاحت کے فروغ کے لئے مزید اقدامات بھی اٹھائے گے۔پاکستان انٹرنیشنل سنو بورڈنگ کپ میں شریک کھلاڑی اور سیاحوں کی دلچسپی کے لئے فوڈ اینڈ میوزک کا بھی اہتمام کیا گیا۔
وقت اشاعت : 24/01/2021 - 14:50:06

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :